لاہور (سپورٹس رپورٹر) برطانوی اتھلیٹ محمد فرح نے کہا کہ پہلی مرتبہ مکہ میں داخل ہونا اور مسجد الحرام پہنچ کر خانہ کعبہ کے سامنے موجودگی پر میرے وجود میں کپکپی سی ہونے لگی۔ خوشی کا ایک حیرت انگیز احساس ہوا جو بیان نہیں کیا جا سکتا۔ میں پہلی مرتبہ یہاں آیا ہوں اور فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے موجود ہوں۔ پانچ وقت کی نمازیں ادا کرنے پر میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور سعودی حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں حجاج کو منظم کیا۔ میرے نزدیک اتنی بڑی تعداد میں حجاج کی میزبانی کرنا اور ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھنا حیرت انگیز بھی ہے۔ حج میں صحت، پانی اور دیگر خدمات کے حوالے سے تمام ضروریات کا خیال رکھنا بہت صبر آزما اور مشقت طلب کام ہے۔ تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔ اس سال سفر حج کا حصہ بننے پر خوش ہوں اور خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔ مملکت آمد سے اب تک کے تمام اقدامات کے حوالے سے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کا شکر گزار ہوں۔ حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات اور انتظامات قابل ستائش ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ سعودی حجاج اور زائرین کی خدمت کیلئے تیار رہتے ہیں اور میرا یہ دورہ سعودی عرب کی طرف سے حجاج کی بہترین خدمات کے ایک حصے کے طور پر عمل میں آیا ہے۔
خانہ کعبہ کو دیکھ کر خوشی کا احساس بیان نہیں کیا جا سکتا: برطانوی اتھلیٹ محمد فرح
Jun 23, 2024