مذاکرات کے دروازے کھلے‘ پی ٹی آئی سوچ میں تبدیلی لائے: احسن اقبال

اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی۔ چشمہ لیفٹ کینال منصوبہ کا ذکر کرتے ہوئے گورنر خیبر پی کے نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے وفاقی حکومت ساڑھے سترہ ارب اور صوبائی حکومت نے دس ارب روپے مختص کئے ہیں، یہ خیبر پی کے کی ترقی کا اہم منصوبہ ہے جس سے صوبے کی گندم کا مسئلہ نہ صرف حل ہو گا بلکہ پاکستان کی غذائی ضروریات بھی اسی منصوبہ سے پوری ہونگی۔ احسن اقبال نے یقین دلایا کہ ان منصوبوں کے حوالہ سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات پر بلاوجہ ٹرولنگ کرنے کی کوشش کی گئی۔ وزیراعظم کے دورے میں چینی قیادت نے گرم جوشی سے استقبال کیا۔ ہماری خواہش ہے چین سے بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دیں۔ دورہ چین کے دوارن ایک ہی دن چینی صدر اور وزیراعظم نے استقبالیے دیئے۔ چین نے کہا سی پیک کا اپ گریڈڈ ورژن پاکستان کے ساتھ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ چین نے پاکستان میں انتخابات کا بھی خیرمقدم کیا اور برادرانہ درخواست کی کہ سیاسی استحکام برقرار رکھیں۔ پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ پی ٹی آئی سے کہا بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو سوچ میں تبدیلی لائیں۔ پاکستان کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے راستے پر تیزی سے آگے لے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے چینی کمپنی نے سٹریٹجک پارٹنر شپ کی انڈر سٹینڈنگ کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن