مدینہ منورہ+اسلام آباد (جاوید اقبال بٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) خانہ کعبہ کے 109 ویں کلید بردار شیخ صالح الشبیہ انتقال فرما گئے۔ شیخ صالح الشبیہ کی نماز جنازہ مسجد الحرام میں ادا کی گئی۔ المعلی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔ کلید بردار کعبہ شریف شیخ صالح بن زین العابدین الشعیبی کافی عرصے سے علیل تھے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ڈاکٹر صالح بن زین العابدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خانہ کعبہ کے کلید بردار ڈاکٹر شیخ صالح الشیبی کے انتقال پر تعزیت اور اظہارافسوس کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں وزیر اعظم نے کہا ڈاکٹر شیخ صالح الشیبی کو خانہ کعبہ کا کلید بردار ہونے کا منفرد اعزاز حاصل رہا، اْن کی قسمت پر ہر مسلمان ناز کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلید ِکعبہ سے متعلق نبی اکرم ? کی وصیت کا تسلسل جاری ہے، شیخ صالح الشیبی کو 109 ویں کلید بردار ہونے کا اعزاز حاصل رہا ۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔
خانہ کعبہ کے 109 ویں کلید بردار شیخ صالح انتقال کر گئے‘ شہباز شریف کا اظہار تعزیت
Jun 23, 2024