ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ، منافع خوری کیخلاف انفورسمنٹ اتھارٹی بنے گی: عوامی حقوق کیلئے اللہ تعالیٰ، قوم کو جوابدہ ہوں، مریم نواز

Jun 23, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں صوبے بھر میں عید الاضحیٰ اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے مجموعی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نوازشریف نے عید پر عمدہ کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور ان کی ٹیموں کو سراہا۔ وزیراعلی نے کہاکہ دل سے اپنی پوری ٹیم سے خوش ہوں اور دل سے شاباش دیتی ہوں۔ اسی جوش و جذبے سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رہنا چاہیے۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اے سی ہفتے میں ایک دن عوام کے لئے مخصوص کریں۔ ہسپتالوں اور سکولوں کے باقاعدگی سے وزٹ کریں، بلڈنگ، بجلی وائرنگ اور دیگر امور کے بارے میں رپورٹ لی جائے۔ ہر ڈسٹرکٹ میں عید کی طرح مانیٹرنگ کے لئے مستقل کنٹرول روم ہونا چاہیے۔ مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ میڈیا، عوامی نمائندوں اور عوام کی طرف سے عید کی صفائی پر مثبت رد عمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ نواز شریف نے خود وزٹ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سراہا۔ شہباز شریف کی تعریف ہمارے لئے اعزازکے مترادف ہے۔ عید پر صفائی کا جو معیار قائم کیا گیا اسے ہر صورت قائم رکھنا ہو گا۔ شہروں، قصبات اور دیہات میں صفائی کے انتظامات صرف تسلی بخش ہی نہیں بلکہ بہترین تھے۔ ڈیوٹی کے ساتھ پورا انصاف کیا  گیا۔ بسوں کے کرایہ کم کرانے کے لئے ڈپٹی کمشنرز اور ان کی ٹیم نے خوب کام کیا۔ فیول پرائس کم ہونے پر کرایوں میں کمی کا ریلیف عوام کو ملنا چاہیے تھا۔ محرم الحرام، فلڈ اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کیے جائیں۔ عام آدمی کو بنیادی اشیاء خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کے لئے پائیدار میکنزم بنایا جائے۔ ایک وزیر اعلیٰ نے حسرت سے کہا کہ کاش ہماری بیوروکریسی اور ایڈمنسٹریشن پنجاب کی طرح ہو جائے۔ کسی کے ساتھ سختی سے پیش نہیں آنا چاہتی، سختی کروں تو دل پر بوجھ ہوتا ہے۔ عوام کے حقوق کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ اور قوم کو جوابدہ ہوں۔ عوام کا مفاد اور سہولت ہر امر پر مقدم ہے۔ عوام کو ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ سے بچانے کے لئے وزیراعلی نے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، منافع خوری کے سدباب کیلئے پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل لایا جائے گا۔ اتھارٹی کے قیام کا مقصد شہریوں کو سرکاری نرخ پر اشیاء کی فروخت یقینی بنانا ہے۔ اتھارٹی کھانے پینے کی اشیاء کا معیار بھی چیک کرے گی، ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی بھی نگرانی کرے گی۔ پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی صوبے بھر میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے چیکنگ کرے گی، جرمانوں کا بھی اختیار ہو گا۔ اتھارٹی اشیاء کے معیار اور ان کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کے حوالے سے اقدامات کرے گی۔ صوبے میں قوانین کی عمل داری یقینی بنانا بھی پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کی ذمہ داری ہو گی۔ تجاوزات کے خاتمے کے لئے انتظامیہ سے مل کر ضروری اقدامات کرے گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے کرم میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاک فوج کے شہادت پانے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہادتیں اور قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

مزیدخبریں