انڈے دینے والی مرغیوں کی افزائش کو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، وزیر زراعت پنجاب

 راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت، لائو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے کسانوں کو انڈے دینے والی مرغیوں کی رعائتی نرخوں پر فراہمی کا پروگرام دوبارہ شروع کیا جائے اور انڈے دینے والی مرغیوں کی افزائش کو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ یہ بات صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے راولپنڈی پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے دورہ کے موقع پر کہی۔ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک سجاد حسین، ڈائریکٹر راولپنڈی سرفراز احمد چٹھہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق کرمانی نے کہا کہ کسان کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے اور مرغ بانی ایک منافع بخش کاروبار ہے اور شہری علاقوں میں دیسی انڈوں کی مانگ کے بڑھنے کے پیش نظر کسانوں کیلئے اس کاروبار میں کامیابی کے کافی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے سیزن میں دیسی انڈوں کی مانگ پوری کرنے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جائے اور کسانوں کو مرغ بانی کی جدید ٹریننگ دی جائے اور حکومت اس حوالے سے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک عاشق حسین نے کہا کہ گزشتہ برس پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی کی جانب سے 91 ہزار مرغیوں کے سیٹ کسانوں میں تقسیم ہوئے اور رواں برس اس تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں گزشتہ برس ساڑھے چار لاکھ انڈوں کی پیداوار ہوئی اور ان میں سے دو لاکھ 40 ہزار چوزوں کی پیدائش ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن