اسلام آباد ( خبر نگار ) وائس چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحب زادہ سید سمیع اللہ حسینی اورچیئرمین صوفی فکر انٹر نیشنل پاکستان ڈاکٹر ظہیر عباس قادری الر فاعی نے ملک گیر شہرت کے حامل علماء کرام کی طرف سے شریعت سے متصادم ہیومن ملک بینک کے قیام کے خلاف فتویٰ کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ علمائے حق نے ہر دور میں قوم کی حقیقی رہنمائی کا فریضہ دیانت داری اور بلاخوف ادا کیا۔رہنمائوں نے کہا کہ مشرق کا مشترکہ خاندانی نظام خیر برکت کامنبع اور اسلامی روایات کا مظہر ہے جبکہ ہیومن ملک بنک کاقیام شرعی اصولوں کے خلاف تھا ۔ انسانی خیر خواہی کے عنوان سے کیا جانے والا یہ عمل اللہ پاک کے حکم حرمتِ رضاعت کے منافی اور اعلانیہ بغاوت کے مترادف تھا۔ ڈاکٹر ظہیر عباس قادری الر فاعی نے کہا کہ مکس دودھ جب ایک جگہ زیر پرورش بچے استعمال کرکے بڑے ہونگے توان کی شادی کا بھی احتمال ہو سکتا ہے حالانکہ وہ رضائی بہن بھائی ہیں ۔ہیومن ملک بینک کا قیام اسلام کے احکامِ رضاعت کے خلاف سازش اور مغربی ایجنڈے کا حصہ تھاجس پر علماء کرام ، مذہبی قائدین اور دینی حلقوں نے بروقت آواز بلند کی۔ صاحب زادہ سید سمیع اللہ حسینی نے کہا کہ ہیومن ملک بنک سے دودھ پینے سے یہ پتا نہیں چلے گا کہ کون کس کا بیٹا اور کون کس کی بہن ہے؟ انہوں نے سندھ حکومت کی طرف سے ہیومن ملک بنک کے قیام کو کو روکنے کے عمل کی توصیف بھی کی،یہ مشرقی خاندانی نظام پرخوفناک حملہ تھا ۔ علماء کرام نے مزیدکہاکہ سب سے بڑھ کر مذہبی روایات اور اعتقادات اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ رضاعی رشتوں کے تقدس کی پامالی کی طرف قدم بڑھایا جائے۔
علمائے حق نے ہر دور میں قوم کی حقیقی رہنمائی کا فریضہ ادا کیا:ڈاکٹر ظہیر عباس
Jun 23, 2024