راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاکہ علماء کرام امن کے سفیر ہیں انہوں نے ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام آنے والا ہے کسی سازش کا شکار نہیں ہونا۔امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ایٹمی طاقت رکھنے والا ملک ہے۔پاکستان مضبوط ہو گا تو دیگر مسلمان ممالک کو سپورٹ ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے ملک دشمن عناصر کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ہمیں تفرقوں سے نکل کر ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا یہ ملک ہوگا تو سب کچھ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد راجہ بازار میں بین المسلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تمام مسالک کے اکابرین، علماء اکرام اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاکہ ملک پاکستان میں مختلف مکاتب فکر کے مسلمان بستے ہیں جو مکمل ہم آہنگی اور ملکی ترقی و سلامتی کے لیے کردار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام سازشوں کے باوجود ملک قائم و دائم ہے اور تمام مسائل کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔مگر پھر بھی یہ ملک قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں رسول خدا سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔تمام مسالک کے علماء اور میں بحیثیت گورنر اسکے لئے کردار ادا کروں گا۔حکومتی سطح پر اور خود بھی مسجد کے لئے اقدامات کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ اس مسجد کا سنگ بنیاد پیر مہر علی شاہ جیسی ہستی نے رکھا۔مسجد کی تعمیر و مرمت کے لیے سرکاری وسائل کے علاوہ خود میں حصہ لوں گا۔