یوم پاکستان کی صبح کا آغاز نماز فجر میں ملکی استحکام و خوشحالی کی دعاؤں سے ہوا۔ اس موقع پروفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس جبکہ صوبوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم لہرا ئے گئے جبکہ ٹی وی چینلزاور ریڈیو پرخصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں۔ صدرآصف علی زرداری، وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی، مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرأ یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث تئیس مارچ کی مشترکہ روایتی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے اس موقع پر ملک بھرمیں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔ ادھر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ و پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل عتیق رفیق تھے۔ ایئر وائس مارشل نے مزاراقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ شاعر مشرق علامہ اقبال پر گارڈز کے فرائض پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے سنبھال لیے۔ اس سے قبل یہ ذمہ داریاں پاکستان رینجرز کے جوان سرانجام دے رہے تھے۔