تئیس مارچ کا دن پاکستانیوں کی زندگی میں خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ یہی وہ دن ہے جس میں قیام پاکستان کے لیے قرار داد منظورہوئی اور پھر سات سال کی جہد مسلسل سے ہمیں ایک آزاد ملک مل گیا۔ لاہورمیں یوم پاکستان کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ایئر فورس کے چاق وچوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے، اس موقع پر قومی ترانے کی دھنیں پیش کی گئیں۔ بیس کمانڈر لاہور ائیر وائس مارشل افضل عباسی نے مزار پر حاضری دی جبکہ ایئر وائس مارشل سعید محمد خان نے پاک فضائیہ کے سربراہ راؤ قمر سلیمان کی جانب سے مزارپر بھولوں کی چارد چڑھائی ، اس موقع پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ایئر وائس مارشل سعید محمد خان نے یادداشت کی کتاب پر تاثرات بھی قلمبند کئے۔ آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ملک بھرمیں مختلف سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مقررین پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ بچوں اورنوجوانوں کو یوم پاکستان کے حوالے سےروشناس کرانے کے لئے سکولوں اور کالجوں میں مختلف نوعیت کے مقابلے بھی منعقد کیئے جائیں گے۔