صدرآصف علی زرداری نے ایوان صدرمیں منعقدہ تقریب میں انیس شخصیات کو پارلیمانی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز اور مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی پرتین شخصیات کو ہلال شجاعت ، چھ کو ہلال امتیاز، سات کوستارہ شجاعت، تیرہ کوستارہ امتیاز اور پانچ کوحسن کارکردگی کے صدارتی تمغے سےنوازا ۔اس موقع پر ستارہ قائداعظم ایک ، ستارہ خدمت دو ، تمغہ شجاعت ترپن، تمغہ امتیازتیرہ اورتمغہ قائداعظم ایک شخصیت کو دیا گیا ۔ دوسری طرف اس حوالے سے گورنر پنجاب اڑتالیس ، گورنرسندھ بائیس ، گورنرخیبرپختونخوا آٹھ ، گورنر بلوچستان چار اورگورنر گلگت بلتستان نے بھی صدرکی طرف سے قومی سول ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیت کو ایوارڈ سے نوازا ہے ۔ اس کے علاوہ دوپاکستانی تارکین وطن سمیت سترہ غیرملکیوں کو صدر کی طرف سے متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفارتی مشنز کے سربراہان تئیس مارچ یا بعد میں منعقد ہونے والی تقریبات میں ایوارڈز سے نوازیں گے ۔ واضح رہے کہ صدر نے چودہ اگست دو ہزار دس کو دو سو سات شخصیات کو پاکستان کے سول اور چھتیس کوخصوصی ایوارڈز دینے کی منظوری دی تھی۔