نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے ایوان کارکنان لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ انہیں بزرگوں کی جانب سے اسلام آباد کے خلاف سخت باتیں نہ کرنے کی ہدایت ہے لیکن وہ آصف علی زرداری کی ڈاکہ زنی کا ذکر کئے بغیر نہیں رہ سکتے اور لوٹی ہوئی دولت وطن واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اغیار کے سامنے ہاتھ پھیلانا شرمناک فعل ہے، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار پر عمل کرنا ہوگا۔جرمنی کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جرمن قوم نے محنت اوردیانتداری کو شعار بنا کر موجودہ مقام حاصل کیا، ہمیں بھی خود انحصاری کی پالیسی کو اپنانا ہوگا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ کشمیر تقریروں، شعروں اور مرثیوں سے نہیں بلکہ قرآن کے احکامات، میثاق مدینہ اور قائد واقبال کے افکار پر عمل کرکے ہی حاصل کیاجاسکتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے اس موقع پرایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ اور چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی کو ان کی شاندار صحافتی خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ مجید نظامی نے صحافت کے میدان میں ایسی عمارت کی بنیاد رکھی جو نہ صرف پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ اس کو کوئی زمین بوس بھی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی احتساب وقت کا تقاضا ہے۔