لاہور (نیوزرپورٹر) بھارت ہمارے دریاﺅں پر بند باندھ کر ہمارے ملک کو صحرا میں تبدیل کرنا چاہتاہے مگر حکمرانوں نے اس سے چشم پوشی اختیار کررکھی ہے۔ حکمرانوں نے پانی کے مسئلے پر سنجیدگی سے غور وفکر نہ کیا تو آنے والے وقت میں کسان اور زراعت تباہ ہوجائے گی۔ کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے تو پانی کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ ہمارے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور بھارت سے تجارت کرنے کی بجائے پہلے کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر زراعت سلطان علی چوہدری‘ سابق کمشنرسندھ طاس سید جماعت علی شاہ‘ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور دےگر نے پانی کے عالمی دن کے حوالے سے کسان بورڈ پاکستان کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے کیا ۔ درےں اثناءانجینئر اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ میں ” پانی اور خوراک کا تحفظ“ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرآب پاشی ملک احمد علی اولکھ نے کہا کہ نئے ڈیم تعمیر نہ کیے گئے تو فصلوں کی پیداوار میں کمی کا اندیشہ ہے۔