لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ پ ر) گلبرگ کے علاقہ ظہور الٰہی روڈ پر نامعلوم کار سواروں نے چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کے گھر کے قریب فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ فائرنگ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، اعلیٰ پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گولیوں کے 5خول اکٹھے کر لئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کار نمبر ایل زیڈ ایس 130پر سوار تھے۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمہ کے لئے درخواست نہیں دی گئی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی کے ذریعے گاڑی شناخت کرلی گئی ہے ملزمان کو بھی گرفتار کر لیں گے۔ ترجمان مسلم لیگ ق کے مطابق خوش قسمتی سے فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ چودھری شجاعت اور پرویزالٰہی گھر پر نہیں تھے۔ بتایا گیا ہے کہ چودھری برادران نے اس واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ واقعہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی طرف سے سکیورٹی واپس لئے جانے کا پیش خیمہ ہے۔ اس واقعہ کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چودھری پرویزالٰہی کو ٹیلی فون کرکے خیریت معلوم کی۔ ترجمان وزیراعظم ہاﺅس کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے پرویزالٰہی اور شجاعت حسین کی رہائش پر فائرنگ کی مذمت کی۔ دریں اثناءکارکنوں کی بڑی تعداد رہائش گاہ پر پہنچ گئی، پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ چودھری ظہیر الدین نے کہا ہے فائرنگ کے واقعہ میں پنجاب حکومت کا ہاتھ ہے۔ ہم ڈرنے اور جھکنے والے نہیں بلکہ اپنے سیاسی مخالفین کا ہر میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ کامل علی آغا نے فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے فائرنگ کے اس واقعہ میں پنجاب حکومت ملوث دکھائی دیتی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔
شجاعت، پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر فائرنگ
Mar 23, 2013