لندن (خصوصی رپورٹ / خالد ایچ لودھی) برطانوی حکومت امیگریشن قوانین میں سخت پابندیاں عائدکرنے کیلئے نئے ضابطے مرتب کر رہی ہے۔ جس سے برطانیہ آنے والے افراد کو امیگریشن کے سخت قوانین کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برطانیہ کے نائب وزیراعظم نک کلیگ نے ان سخت قوانین کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ آسٹریلین طرز کے سخت امیگریشن قوانین بنائے گا جس کے تحت برطانیہ آنے والے افراد کو برطانیہ کا وزٹ ویزا حاصل کرنے کیلئے ایک ہزار پونڈ کی رقم بطور ضمانت جمع کروانا ہو گی، یہ رقم سکیورٹی پاﺅنڈ کے تحت لی جائے گی جو لوگ وزٹ ویزا کی قانونی میعاد کے اندر واپس اپنے ملک لوٹ جائیں گے ان کو یہ رقم واپس کر دی جائے گی۔ قوانین کا اطلاق پاکستان سمیت بھارت، اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کے علاوہ کئی دیگر ممالک پر بھی ہو گا ان قوانین پر عمل درآمد رواں سال کے آخر تک شروع ہو جائے گا۔ غیر قانونی طور پر قیام پذیر افراد کے خلاف آپریشن فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے اور غیر قانونی طور پر قیام پذیر افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے والے اداروں کے مالکان کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی۔ غیر قانونی ملازمتیں فراہم کرنے والے افراد اور اداروں کو 20000 پونڈ فی کس کے حساب سے جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔ برطانوی بارڈر ایجنسی غیر قانونی افراد کو گرفتار کرکے فوری طور پر ڈی پورٹ کر سکے گی۔