ممبئی (اے ایف پی / اے پی اے) بالی وڈ اداکار سنجے دت نے سپریم کورٹ کی جانب سے سنائی گئی 5 سال قید کی سزا کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنجے دت کو یہ سزا ممبئی دھماکوں میں ملوث ہونے پر سنائی گئی یہ دھماکے 1993ءمیں ہوئے تھے اداکار کے پاس سزا سے بچنے کیلئے نظرثانی اپیل سمیت متعدد قانونی راستے ہیں سنجے دت اپنی سزا کی معافی کیلئے مہاراشٹر کے گورنر سے اپیل بھی کر سکتے ہیں۔ سنجے دت کے وکیل ستیش مانی شندے کا کہنا ہے کہ ہمیں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کی نقل کا انتظار ہے۔ سنجے دت 18 ماہ پہلے ہی جیل میں گزار چکے ہیں۔ اس طرح انہیں اب ساڑھے تین سال جیل میں گزارنے ہوں گے۔ سنجے دت کو سزا پر بالی وڈ کے اداکاروں اور فلمسازوں کی جانب سے ان کے ساتھ بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بھارتی ٹی وی چینلز کی رپورٹس کے مطابق متعدد اداکار، اداکارائیں اور فلمساز ممبئی میں سنجے دت کے گھر گئے اور انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ بھارتی رکن پارلیمنٹ اور ممتاز اداکارہ جیابچن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کی اس بات سے متفق ہوں کہ سنجے دت پہلے ہی کافی سزا بھگت چکے ہیں انہیں اب اتنی بڑی سزا نہیں ملنی چاہئے تھی وہ اب ایک بدلے ہوئے آدمی ہیں آسکر اور گریمسا ایوارڈز یافتہ موسیقار اے آر رحمن نے کہا کہ سنجے کو سزا کی خبر پر مجھے شدید دکھ ہوا ہے۔ مجھے امید ہے کہ خدا ان پر کرم نوازی کرے گا۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا کہ سنجے دت کو سزا سے مجھے دکھ ہوا مجھے توقع ہے کہ عدالت ان کے ساتھ نرمی برتے گی۔ ادھر سنجے دت کاکہنا ہے کہ اگر عدالت مجھے مشکل میں ڈالنا چاہتی ہے تو میں مزید مضبوط ہو کر حالات کا مقابلہ کرونگا۔ اس وقت میری مشکل یہ ہے کہ میرے بچے اور بیوی بھی اس مشکل سے گزریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالات خواہ کیسے بھی ہوں میں اپنی زیر تکمیل فلمیں مکمل کراﺅنگا۔ سنجے دت کی 100 کروڑ روپوں کے مختلف فلمی پراجیکٹ چل رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی تمام فلمیں مکمل کرکے 4 ہفتوں کے بعد خود کو سزا کاٹنے کیلئے پیش کر دوں گا۔ انہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ سنجے دت نے تین شادیاں کیں، موجودہ بیوی مانیتا سے ان کی شادی 2008ءمیں ہوئی اور اس سے ان کے جڑواں بچے شاہ ران اور اقرا ہیں جبکہ بڑی بیٹی تریشالا پہلی بیوی ریچا شرما سے ہیں۔
سنجے دت کو سزا پر بھارتی فلم انڈسٹری سوگوار‘ فنکاروں کا گھر جا کر اظہار ہمدردی
Mar 23, 2013