نوشہرہ+ نیویارک ( نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) نوشہرہ کے قریب جلوزئی کیمپ میں کار بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے 10 افراد اور ایک این جی او کے کارکن کو گذشتہ روز سپردخاک کر دیا گیا 10 افراد کی نماز جنازہ کیمپ کے باہر میدان میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ علاقے کی فضا اس موقع پر سوگوار تھی۔ تمام کاروباری مراکز تعلیمی ادارے بند تھے۔ دھماکے کی جگہ پر پھول رکھے گئے اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ ادھر سکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لئے تباہ شدہ کار کے ٹکڑے اور جائے دھماکہ سے نمونے قبضے میں لے لئے۔ ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دریں اثناءاقوام متحدہ کے ادارہ پناہ گزیناں یو این ایچ سی آر نے جلوزئی کیمپ میں تمام امدادی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جنیوا میں یو این ایچ سی آر کے ہائی کمشنر کے ترجمان ایڈریان ایڈورڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ پناہ گزیناں نے پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ جلوزئی کیمپ میں اور اسکے اردگرد سکیورٹی کی صورتحال اور حفاظتی انتظامات بہتر بنائے۔ یو این ایچ سی آر کو گذشتہ روز ہونیوالے کار بم دھماکے اور اس میں بے گناہ ستم رسیدہ افراد کی ہلاکت پر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کی دیگر ایجنسیاں جلوزئی کیمپ کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ اندرون ملک بے گھر ہونیوالے افراد اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کئے جائینگے۔