نئی دہلی (اے ایف پی) نئی دہلی کی ڈرامے باز پولیس نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمان کو دہشتگرد قرار دیکر پکڑ لیا اور دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ نئی دہلی میں پولیس کے اینٹی ٹیررزم یونٹ کے سربراہ ایس این شری واستو نے صحافیوںکوبتایا کہ لیاقت علی شاہ مقبوضہ کشمیر کا باشندہ ہے جو پاکستانی پاسپورٹ پر نیپال گیا وہاں سے اترپردیش میں داخل ہوا اور بذریعہ ٹرین نئی دہلی میں خودکش دھماکوں کیلئے آ رہا تھا مگر دہلی پہنچتے ہی پکڑا گیا۔ شری واستو نے کہا کہ لیاقت علی شاہ حزب المجاہدین کا سرگرم کارکن ہے۔ جس سے اے کے47، 3 دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی شاہ، افضل گورو کی شہادت کا بدلہ لینے کے لئے دہلی آیا یہاں اس نے خودکش دھماکوں کے لئے لوگ بھرتی کرنے اور دھماکوں کی جگہوں کا انتخاب کرنا تھا۔ شری واستو نے کہا کہ پاکستان میں لیاقت علی کا پاسپورٹ بنا کر دینے والوں نے اسے کھٹمنڈو پہنچنے پر ضائع کر دینے کی ہدایت کی تھی تاکہ پاکستان سے اس کا تعلق ظاہر نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
نئی دہلی میں دھماکوں کیلئے آیا حزب المجاہدین کا رہنما پکڑ لیا، بھارتی پولیس کا دعویٰ
Mar 23, 2013