یوم پاکستان آج منایا جائیگا، لاہور میں مشاہیر کے ہورڈنگز سجا دیئے گئے

لاہور (خصوصی رپورٹر) یوم پاکستان کے موقع پر پنجاب حکومت نے مشاہرین تحریک پاکستان کے ہورڈنگز اور فلیکس لگا کر شہر بھر کو سجا دیا۔ شاہراہ قائداعظم، فیصل چوک اور ٹائون ہال کے سامنے مشاہرین تحریک پاکستان قائداعظمؒ، علامہ اقبالؒ، مادر ملت، سر سید احمد خان، نواب سلیم اللہ، نواب وقارالملک، لیاقت علی خان، حمید نظامی، خواجہ ناظم الدین، سردار عبدالرب نشتر، راجہ صاحب محمود آباد قاضی عیسیٰ، مولوی اے کے فضل الحق، نواب محسن الملک، بیگم جہاں آراء شاہنواز، مولانا محمد علی جوہر، مولانا شوکت علی، مولانا ظفر علی خان، رعنا لیاقت علی خان، حفیظ جالندھری کی تصاویر والے ہورڈنگ لگائے گئے ہیں جبکہ ان مشاہرین تحریک پاکستان کے ہورڈنگ کے علاوہ الگ الگ فلیکس شاہراہ قائداعظم، شاہراہ ایوان صنعت و تجارت، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ، لبرٹی چوک اور قذافی سٹیڈیم میں بھی لگائے گئے ہیں۔ ہر فلیکس پر 23 مارچ یوم تجدید عہد لکھا ہے اور اس پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اوپری حصے میں تصویر ہے۔ شہر بھر میں ضلعی حکومت، انجمن تاجران اور مختلف اداروں کی جانب سے بینرز بھی بہت بڑی تعداد میں لگائے گئے ہیں جن پر ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح، 23 مارچ تجدید عہد بھی نشان راہ بھی، قیام پاکستان کا مقصد جدید اسلامی جمہوری فلاحی مملکت کا قیام، اسلامی دنیا کی پہچان ایٹمی پاکستان، قرارداد پاکستان ہمارے تشخص اور تمدن کی پہچان کے نعرے درج ہیں۔ ہورڈنگ اور فلیکس شہر لاہور کے باسیوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور پرانی نسل کے ساتھ نوجوان نسل بھی مشاہرین تحریک پاکستان کی تصویروں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتی رہی۔
اسلام آباد/ لاہور (اے پی اے، خصوصی رپورٹر) 23 مارچ 1940ء کو قرارداد لاہور (قرارداد پاکستان) کی منظوری کی یاد میں یوم پاکستان آج اتوار کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا۔ یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں سیاسی و سماجی اداروں کے  زیر اہتمام تقریبات منعقد ہوں گی جن میں ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائیگا۔ بیرون ملک بھی پاکستانی سفارتخانوں پر قومی پرچم لہرائے جانے کیساتھ ساتھ یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقاریب منعقد ہونگی ۔ مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام مرکزی تقریب صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 151 ہُما بلاک علامہ اقبال ٹائون میں ہوگی جس سے مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک ایم این اے ، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ حسان خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ ہائوس ڈیوس روڈ پر (ق) لیگ کے زیراہتمام پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی جس میں سینئر نائب صدر پنجاب راجہ بشارت،  جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین، جماعت الدعوۃ پاکستان کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں نظریہ پاکستان مارچ ہوں گے اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔ لاہور میں مارچ صبح 11 بجے مینار پاکستان سے شروع ہوگا اور مسجد شہداء مال روڈ پر اختتام پذیر ہوگا جس کی قیادت جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کریںگے۔ عوامی مسلم لیگ لاہور کے زیراہتمام پارٹی دفتر ڈیوس روڈ پر یوم پاکستان کی تقریب صدر لاہور ڈاکٹر محمد عارف کی صدارت میں منعقد ہوگی۔ یوم پاکستان پر پاک فوج اور فضائیہ کا مشترکہ فلائی پاسٹ آج ہوگا۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز فلائی پاسٹ میں حصہ لیں گے۔ یوم پاکستان کی آخری پریڈ 2008ء میں منعقد ہوئی تھی۔ ایوان صدر میں آج پرچم کشائی اور مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب ہوگی۔ صدر مملکت و وزیراعظم پاکستان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہا ہے ہماری اجتماعی کوششیں حب الوطنی، اخلاص، عزم اور ایمانداری کے عظیم جذبے سے سرشار ہیں جو ملک کو عظیم خوشحالی اور عظمت کی طرف لے جائیں گی۔ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آج کے دن ہم سب کومخلص ہوکر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو ایک رہنما قوت بناکر درپیش مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے تاہم قوم متحد ہوکر بہادری کیساتھ تمام مسائل کا مقابلہ کررہی ہے۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا یومِ پاکستان ان نظریات کی تجدید کا دن ہے جو ہمارے پیارے وطن کی تخلیق کے پیچھے کار فرما تھیں۔ آج کا دن ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ اس ملک کی تشکیل کے پیچھے کار فرما سوچ کو مستقبل کے معماران کو منتقل کریں اور انہیں ان عظیم مقاصد کے حصول کیلئے تیار کریں۔ آج کے دن ہم سب کومخلص ہوکر ایمان ، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو ایک رہنما قوت بناکر درپیش مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم  نے اپنے پیغام  میں کہا آج ہم تاریخی قرار داد پاکستان کی 74 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ یہ دن ہمیں علامہ اقبالؒ کے عظیم خواب، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مصمم ارادے اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے ایک آزاد ریاست کے حصول کیلئے دیں۔ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس دن ہندوستان کے مسلمانوںنے آل انڈیا مسلم لیگ کے 27 ویں سالانہ اجلاس میں تاریخی قرار دادِ لاہور پاس کی۔ اس قرارداد نے ہندوستان کے مسلمانوںکو ایک واضح اور عظیم مقصد کے حصول کیلئے متحد کردیا۔ پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے تاہم قوم متحد ہوکر بہادری کے ساتھ تمام مسائل کا مقابلہ کررہی ہے۔ آئیے آج کے دن ہم عہد کریں کہ اقوام عالم میں با وقار مقام کے حصول کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں اٹھائیں گے ۔ پاکستان ہماری شناخت ہے اور یہ شناخت ہم نے لازوال قربانیاں دینے کے بعد حاصل کی ہے۔ ہماری حکومت اپنے عظیم قومی ورثے اور قومی شناخت کو سربلند رکھنے اور پاکستان میں اقتصادی اور سماجی انقلاب لانے کیلئے دن رات کمربستہ ہے۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے وہ پاکستان کو محفوظ اور طاقتور بنانے میں ہماری مدد کرے اور اسکو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے 23 مارچ کا دن پاکستان کی آزادی کی تحریک کا اس حوالے سے اہم ترین دن ہے کہ اس روز مسلم لیگ کے جھنڈے تلے برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی منزل کا تعین کیا۔ آج کا دن دراصل تحریک آزادی کے مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنے خون کے نذرانے دیکر علیحدہ وطن حاصل کیا۔ ہم نے انگریزوں سے آزادی کی منزل تو حاصل کرلی لیکن ابھی تک آزادی کے ثمرات سے استفادہ نہیں کر سکے۔ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا جو سفر شروع ہوا تھا وہ ابھی ادھورا ہے جسے مکمل کرنے کیلئے ہمیں من حیث القوم اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنا ہوں گی۔ ملک کو اس وقت بے شمار چیلنجوں کا سامنا ہے۔ دہشت گردی، انتہاپسندی، توانائی کے بحران، کرپشن اور قومی اداروں کی زبوں حالی جیسے مسائل درپیش ہیں تاہم موجودہ حکومت نیک نیتی کے ساتھ ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے۔ اب کھوکھلے نعرے لگانے اور خالی دعوے کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔ یہی وجہ ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ہم ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لیکر بڑھ رہے ہیں۔ اندھیرے، بدحالی، بدامنی اور معاشی ناہمواری ہمارا مقدر نہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کے تعاون سے ملک کو آگے کی طرف لے جائیں گے۔ ثناء نیوز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور قائم مقام وزیراعظم چوہدری محمد یاسین نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے 23 مارچ مسلمانان پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے کیونکہ اسی دن مسلمانان ہند نے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کی قرارداد منظور کی تھی جسے قرارداد پاکستان کہتے ہیں ۔ پاکستانی قوم کو مبارکباد کے پیغامات میں کشمیری لیڈروں نے کہا اس موقع پر ہم آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں مقبوضہ کشمیرجلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...