وزیراعظم اور شہبازشریف آج راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے

Mar 23, 2014

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف آج راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ میٹرو بس منصوبے کے تحت 23کلو میٹر سے زائد ٹریک بچھایا جائیگا جو صدر راولپنڈی سے پاک سیکرٹریٹ تک جائے گا۔24 جدید ترین ریلوے سٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس ٹریک میں 60 بسیں چلا کریں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ کی صدارت میں ایکنک کے اجلاس  میں اس منصوبے  کو منظور کرلیا گیا تھا۔ اس پر 23 ارب روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کی لاگت وفاقی اور پنجاب حکومت شیئر کریں گی۔ 13ملین روپے وفاقی حکومت اور 10ملین روپے حکومت پنجاب دے گی۔ راولپنڈی میں مری روڈ پر میٹروبس سروس کا 8.6کلو میٹر کا ٹریک فیض آباد تک ایلیویٹڈ ہوگا جبکہ اس میں اسلام آباد میں تعمیر ہونے والا پورشن گراؤنڈ روڈ پر ہوگا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانگی کے موقع پر ائرپورٹ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔

مزیدخبریں