صوبائی ہائر ایجوکیشن کمشن بنانے کی منظوری‘ یونیورسٹیوں کو تمام وسائل فراہم کرینگے: شہباز شریف

Mar 23, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب میں صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمشن کے قیام کی منظوری دیدی ہے جبکہ لاہور میں بننے والے نالج پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار اور ذہین بچوں کیلئے تعلیمی سہولیات مفت فراہم کی جائیںگی۔ اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت صوبے میں معیاری تعلیم کو عام کرنے اور ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے پنجاب میں صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمشن جیسے ادارے کا قیام اشد ضروری ہے۔ انہوںنے کہا یونیورسٹیاں تحقیق کے عمل کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسی لئے یونیورسٹیوں میں ریسرچ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی پنجاب کی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی سکالرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا جائے۔ پنجاب حکومت صوبے کی  یونیورسٹیوں میں تعلیم کا معیار بلند کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ انہوںنے کہا نالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے ساتھ ایک اور یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے نالج پارک میں دوسری یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کمیٹی اپریل کے وسط تک دوسری یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات پیش کرے۔ انہوںنے کہا فروغ تعلیم کے پروگراموں میں کسی قسم کی  غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام تعلیم کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کیلئے محنت سے کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی تمام سیکرٹریز اپنے محکموں کی کارکردگی، مستقبل کے منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے جامع بریفنگز تیار کریں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں مختلف ممالک کے آئی ٹی ماہرین نے ملاقات کی اور پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے شہبازشریف کے اقدامات کو سراہا۔ یونیورسٹی آف واشنگٹن کے پروفیسر رچرڈ اینڈرسن، جورجیاٹیک یونیورسٹی کے پروفیسر مائیک بیسٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسرلرنے ایشیاء  یونیورسٹی ہلانی گالپیا اور یونیورسٹی آف اوسلوکے پروفیسر نارتھ سٹارنگ نے پنجاب میں آئی کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا انہوں نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے صوبے میں آئی ٹی کی پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی اورانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا قیام بھی عمدہ اقدام ہے۔آئی ٹی ماہرین نے پنجاب حکومت کے ساتھ آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا شہبازشریف جس طرح آئی ٹی کو فروغ دے رہے ہیں وہ صوبے میں آئی ٹی کے فروغ میں ضرورکامیاب ہوں گے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کے دوران پنجاب میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیراعلیٰ کے خطاب کے دوران دو بار بجلی بند ہوئی تو اس وقت وہ اپنے پہلے دورحکومت میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کر رہے تھے۔ بجلی بند ہونے پر وزیراعلیٰ نے کہا12 اکتوبر1999ء کو بھی ایسا اندھیرا چھایا کہ اب تک قوم اس سے باہر نہیں نکل سکی۔ وزیراعلیٰ نے جب طلبا و طالبات کے لئے وسائل کی فراہمی کو سودمند سرمایہ کاری قراردیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا  لیپ ٹاپ پروگرام اس قدر کامیاب رہا ہے کہ ناقدین چپ ہوگئے ہیں اور بھارتی ریاست بہار میں بھی لیپ ٹاپ پروگرام کی تقلید کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے پاکستان میں موریشس کے ہائی کمشنر محمد راشاد نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیالہ ہوا۔ وزیراعلیٰ نے ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور موریشس کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا  دونوں ملکوں کے مابین وفود کا زیادہ سے زیادہ تبادلہ ہونا چاہئے۔چولستان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا چولستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اعلان کردہ پیکیج پر تیزرفتاری سے عملدرآمد کیا جائیگا۔ چولستان کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کو خود مانیٹر کروں گا۔ غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے چولستان میں ٹیوب ویلوں کو سولر پینل پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزیدخبریں