اسلام آباد (سپیشل رپورٹ/اے پی اے) وزیراعظم نوازشریف آج شام یہاں سے ہالینڈ روانہ ہوں گے جہاں وہ ایٹمی سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اس سربراہ کانفرنس میں مختلف ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ تیسری جوہری سلامتی سربراہ کانفرنس (این ایس ایس) کل سے ہیگ میں شروع ہوگی۔ پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم نوازشریف کریں گے۔ وہ عالمی برادری سے پاکستان کو پرامن مقاصد کے لئے جوہری ٹیکنالوجی کی بلاامتیاز فراہمی کا مطالبہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ ان کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ پہلی جوہری سربراہی کانفرنس اپریل 2010 ء میں واشنگٹن، دوسری مارچ 2012 سیول میں ہوئی تھی۔ تیسری کانفرنس میں امریکہ یورپی ممالک سمیت 53 ملکوں کے اہم رہنمائوں کی شرکت متوقع ہے۔ اقوام متحدہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی اور انٹرپول جیسے اداروں کے نمائندے بھی اس برس شریک ہوں گے۔ ان کانفرنسوں کا مقصد قومی اقدامات اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف 24 مارچ کو عالمی رہنمائوں سے اور 25 مارچ کو مستقبل میں اس عمل کے بارے میں خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وہ عالمی برادری کو ان اقدامات سے آگاہ کریں گے جو پاکستان جوہری تنصیبات اور مواد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کر رہا ہے۔ پاکستان نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے جوہری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ پاکستان کا اس حوالے سے 40 سال سے زائد عرصے کا تجربہ ہے کہ وہ انتہائی محفوظ ایٹمی بجلی گھر چلا رہا ہے، اس کے پاس انتہائی تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔ وزیراعظم کانفرنس میں شریک عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔