وادی تیراہ: فضائی کارروائی میں مزید27 دہشت گرد ہلاک،5 ٹھکانے تباہ

خیبر ایجنسی+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں مزید 27دہشت گرد ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے اور انکے 5ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں میں دہشت گردوں کا بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر پانچ ٹھکانے بھی تباہ کر دئیے گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر اسلام سے ہے۔ علاوہ ازیں صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور تربت شہر میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پنجگور سے ایک شخص کی تشدد زدہ نعش ملی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران ان واقعات میں کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اب تک 542 پولیس اہلکار ہلاک اور 447 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار کی ہلاکت کا واقعہ کوئٹہ شہر کے علاقے سریاب میں پیش آیا۔ کوئٹہ پولیس کے مطابق بلوچستان کانسٹیبلری سے تعلق رکھنے والے ایک ہیڈ کانسٹیبل صبح گھر سے ڈیوٹی کے لئے جارہے تھے کہ کیچی بیگ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے اسے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ادھر تربت کے علاقے میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کا تعلق خیبر پی کے کے علاقے چارسدہ سے بتایا جاتا ہے۔ تربت پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔ ادھر پنجگور کے علاقے گچک سے ایک شخص کی تشدد زدہ نعش ملی ہے۔ نعش پنجگور سے تعلق رکھنے والے مقامی شخص امان اللہ کی ہے جسے چند روز پیشتر نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ امان اللہ کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔ ڈیرہ الہ یار میں نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے 14 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو تباہ کر دیا۔ گیس پائپ لائن کافی عرصہ سے استعمال میں نہیں تھی جس کی وجہ سے گیس کی فراہمی کسی قسم کے تعطل کا شکار نہیں ہوئی۔ مقامی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ادھر کوئٹہ میں پولیس نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دستی بم ناکارہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور بلوچستان نے مند، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی کے علاقوں میں کارروائی کے دوران مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...