کوئٹہ (نوائے وقت نیوز+ صباح نیوز) کور کمانڈر سدرن کمان لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر جنگ جاری ہے اور لوگوں نے سکھ کا سانس لینا شروع کر دیا ہے۔ بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، سب نے شرکت کرکے اس فیسٹیول کو چار چاند لگا دئیے۔ ہمیں اس ماحول کو مزید بہتر کرنا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہتھیار چھوڑ کر امن کا راستہ اختیار کرنیوالوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کس آزادی کیلئے لڑ رہے ہو، پاکستان تو آزاد ہے، یہ پاکستان اور اس کا چپہ چپہ آپ کا ہے۔ آپ اپنی ہی چیز کیلئے مت لڑیں، اپنے آپ کو بہتر انسان بنائیں، جن کو آپ مار رہے ہیں وہ بھی آپ کے اپنے ہیں۔ پاک افواج آپ کے دم سے ہے۔ ہمیں ملک عزیز کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کرنا ہے۔ بلوچستان کے عوام پاکستان کی پہچان ہیں۔ پاکستان دل ہے تو بلوچستان اس کی دھڑکن ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں سے کہا کہ وہ لڑائی چھوڑ دیں کس آزادی کے لئے وہ لڑ ر ہے ہیں۔ وہ تو پہلے ہی آزاد ہیں۔ پاکستان آپ کا ہے، اس لڑائی میں مائوں اور باپوں کے دکھوں غموں اور سسکیوں کے سوا کچھ نہیں۔ ہمیں رنگ، نسل، فرقہ وارایت اور اس سے نکلی ہوئی دہشت گردی کو نہ صرف خیرباد کہنا ہے بلکہ اسے ختم کرنا ہے۔ پاکستان اور بلوچستان کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنا ہے۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ پاک فوج کے پاس ناپاک ہتھیاروں کو پھینکنے والوں کے لئے محبت کے سوا اور کچھ نہیں۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے ہم اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن و امان اور تجارت چاہتے ہیں۔گورنر بلو چستان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کور کمانڈر نے کہا کہ شرکاء کی تقریب میں مو جودگی نے بلوچستان اور خاص طور پر کوئٹہ کی فضائوں میں محبتوں کے رنگ بکھیر دیئے ہیں، تازہ ہوا کے جھونکے آنے لگے ہیں۔ ہمیں اس ماحول کو اتفاق کے ساتھ مزید بہتر کرنا ہے۔ یقین جانئے بلوچستان کے غیرت مند اور باعزت عوام نہ صرف بلوچستان بلکہ پاک وطن پاکستان کا عظیم اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ میں بلوچستان کے پیار سے پیارے لوگوں کو اپنے دل کی حصہ بنا کر یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ سب کے دم سے پاکستان ہے۔ سب کچھ آپ کے دم سے ہے۔ آپ وطن عزیز کا اصل سر مایہ ہیں۔ آپ کسی سے کم نہیں نہ ہی کوئی آپ سے بڑھ کر ہے۔ آپ پاکستان کی اُمید ہیں۔ اگر پاکستان آزاد ملک ہے تو آپ سب اس کے آزاد اور باعزت شہری ہیں۔ ا گر پاکستان اللہ کی نعمت ہے تو وہ نعمت ہم سب کی ہے۔ اگر پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ ہے تو ہم سب اللہ کے کلمہ گو ہیں۔ ہم سب برابر ہیں۔ ہمیں رنگ نسل اور فر قہ واریت اور اس سے نکلی ہوئی دہشت گردی کو نہ صرف خیرباد کہنا ہے۔ بلکہ اُسے ختم کرنا ہے۔ پاک وطن پاکستان اور بلوچستان کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنا ہے۔ ہم سب اللہ کے نام لیوا ہیں اور اس کے ساتھ اپنا مرنا اور جینا ہو گا۔ میں سلام کرتا ہوں اپنے ان غیور جوانوں کو جنہوں نے یہ تہیہ کر لیا ہے کہ وہ دنیا کا لالچ چھوڑ کر آخرت سنواریں گے کیونکہ اپنے ہی بہن بھائیوں کے خون میں رنگے ہاتھ لے کر اﷲ کے رسولؐ اور اﷲ تعالیٰ کے سامنے کس منہ سے کھڑے ہوں گے، کسی کے بہکاوے میں آ کر چند پیسوں کی خاطر کسی کو بھی تکلیف نہ پہنچائیں۔ اللہ گواہ ہے پاک فوج آپ کے دم سے ہے یہ آپ سب سے بے پناہ محبت کرتی ہیں آپ سب عزتوں والے ہیں، غیرتوں والے اور محبتوں والے ہیں۔آئیں سب مل کر عزتوں سے جئیں۔
دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ جاری ہے، ہتھیار چھوڑ کر امن کی راہ میں آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں: کور کمانڈر سدرن کمان
Mar 23, 2015