اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی وانتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے ہمیں ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہو جانا چاہئے، ملک دشمن عناصر پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے خلاف برسر پیکار ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اور قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کو بیرونی خطرات بھی لاحق ہیں جن کا جوانمردی سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ یوم پاکستان کے پیغامات میں صدر نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس تاریخی موقع کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانان برصغیر نے ایک ایسی آزاد ریاست کے حصول کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا جہاں انصاف و برابری کے اصول کار فرما ہوں۔ آج سے 75 سال پہلے ہمارے عظیم مفکرین اور سیاسی رہنمائوں نے ایک آزاد ریاست کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع کی مناسبت سے میں تمام پاکستانیوں سے کہنا چاہوں گا کہ وہ اقوام عالم میں پاکستان کی سربلندی کے لئے اپنے مصمم عزم کا اعادہ کریں۔ آج ہمیں مختلف مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ آج دہشت گرد اور انتہا پسند ہمارے بچوں‘ خواتین‘ شہریوں اور افواج کو نشانہ بناتے ہیں حتیٰ کہ ہمارے سکول اور مساجد پر بھی حملے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عظیم جدوجہد اور جذبے کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں یہ وطن معرض وجود میں آیا آج پاکستان کو اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے ہم ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہو جائیں۔ وزیراعظم نے ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کا عزم کیا ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آج 75 سال بعد قائد کا پاکستان مختلف مشکلات کا شکار ہے ۔ پاکستان کے پرامن لوگ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان کو بیرونی خطرات بھی لاحق ہیں جن کا جوانمردی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ ملک دشمن عناصر پاکستان کی بقاء کے خلاف برسر بیکار ہیں۔ قوم ان ملک دشمن عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اخوت و بھائی چارے پر مبنی معاشرہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ مجھے کامل بھروسہ ہے کہ وطن عزیز کو کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ ہماری بہادر فوج، اپنے جذبہ حب الوطنی اور پیشہ وارانہ مہارت سے وطن عزیز کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں کامیاب ہو گی۔ اپنی غیور مسلح افواج کی قابل قدر معاونت اور تمام سیاسی طبقہ ہائے فکر کی غیر مشروط حمایت کے ساتھ ہم یقیناً خطرے کا باعث بننے والی قوتوں پر قابو پا لیں گے۔ حکومت ملک میں برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ قوم مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔ مجھے یقین ہے کہ اپنی غیور مسلح افواج کی قابل قدر معاونت اورتمام سیاسی طبقہ ہائے فکر کی غیر مشروط حمایت کے ساتھ ہم یقیناً خطرے کا باعث قوتوں پر قابو پا لیں گے۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں عوام سے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کے لئے اپنے آپ کو وقف کر دیں، ریاست کی طاقت عوام کی اُمنگوں سے ہوتی ہے، بندوق کی نالی سے نہیں۔ ہمیں ان اصولوں کے لئے خود کو وقف کر دینا چاہئے جن کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا۔ پاکستان جمہوریت، قانون کی حکمرانی، آئین کی عملداری اور تمام شہریوں کی برابری کے اصول پر بنایا گیا تھا۔ پاکستان کے عوام کبھی بھی انتہاپسندوں کا ایجنڈا قبول نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ کو تحریک قیام پاکستان میں تاریخی اہمیت حاصل ہے۔ اس روز قرارداد کی منظوری سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے منزل کا تعین ہوا اور ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔ ہمیں آج کے دن پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے اور اسے صحیح معنوں میں بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی، انتہاپسندی، فرقہ واریت، توانائی بحران، غربت اور بے روزگاری جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن دراصل تحریک آزادی کے مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ ق لیگ کے صدر شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی یکجہتی کا استحکام اور ملکی سلامتی کا تحفظ وقت کا اہم ترین تقاضا اور ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کیلئے ہمیں بانی پاکستان کے فرمان اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر دل و جان سے عمل کرنا ہے، آج عہد کرنا چاہئے کہ اپنے تمام سیاسی، ذاتی اور فرقہ وارانہ اختلافات کو فراموش کر کے پاکستان کو اقتصادی اور دفاعی طور پر نہایت مضبوط اور اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں استعمال میں لائیں گے۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دہشتگردی اور کرپشن نے قائد اعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا۔ ناانصافی نے غربت اور غربت نے دہشتگردی کو جنم دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقہ جتنا ظلم کرسکتا تھا کر چکا میں اب انصاف اور عدل کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ انقلاب کا سفر جاری ہے بہت جلد یہ جدوجہد نقطۂ عروج پر پہنچے گی جب تک دم میں دم ہے حکمرانوں کی لوٹ مار اور استحصالی نظام کو بدلنے کی جدوجہد جاری رکھوں گا۔