اسلام آباد + لاہور (وقائع نگار+ نیوز ایجنسیاں) یوم پاکستان آج پیر کو بھرپور ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جائیگا۔ خصوصی دن پر ملک میں امن و امان و خوشحالی کیلئے مساجد اور عبادت گاہوں میں خصوصی دعائیہ تقریبات ہوں گی، صوبائی دارالحکومتوں میں 21، وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوگا۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی جبکہ حکومت نے آج پیر کو یوم پاکستان پر ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں 7 سال بعد مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پریڈمیں پاک آرمی، بحریہ، فضائیہ اور ایف سی کے دستے شریک ہوں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین پریڈ کا معائنہ کریں گے۔ وزیراعظم بھی تقریب میں شرکت کرینگے جبکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سمیت اعلیٰ عسکری سیاسی قیادت اور غیر ملکی سفارتکار اور بڑی تعداد میں مہمان بھی شرکت کرینگے، خواتین فوجیوں کا دستہ بھی پریڈ میں شریک ہوگا۔ پریڈ میں چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کرنے کے لئے فلوٹ ہوں گے جن پر علاقائی رقص، ثقافتی دھنیں بجائی جائیں گی۔ ایس ایس جی کمانڈوز، لائٹ انفنٹری، کمانڈو بٹالین، میکنائزڈ انفنٹری یونٹ بھی پریڈ میں شامل ہیں۔ آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیلی کاپٹرز جن میں بیل، ایم آئی 17، کوبرا گن شپ، پوما ہیلی کاپٹرز پریڈ میں شریک ہوں گے۔ پاک فضائیہ کے جدید طیارے خصوصاً جے ایف تھنڈر 17 طیارے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔ ائرفورس کے طیاروں میں جدید ترین ایف 16 طیارے، ایف 7، ایف 7 پی جی اور دیگر جدید جہاز فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔ اس فلائی پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان کریں گے۔ سٹرٹیجک پلاننگ ڈویژنز کے دستے پریڈ میں شریک ہیں۔ درمیانے فاصلے تک مار کرنیوالے میزائل رعد، نصر ٹینک الضرار اور الخالد بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ آج پریڈ کے موقع پر اسلام آباد میں موبائل فون سروس 12 گھنٹے تک معطعل رہے گی۔ ادھر فورسز نے 23 مارچ کی پریڈ کو محفوظ بنانے کیلئے آپریشن تیز کردیا۔ کئی شہروں سے متعدد مشبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں پولیس اور رینجرز ہائی الرٹ ہے۔ کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کر کے جیل روڈ، منو جان روڈ، سبزل روڈ سے 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔ لاہور میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد گرفتار کئے گئے۔ ادھر راولپنڈی میں سکیورٹی اداروں نے ہوٹلوں کو خالی کرانا شروع کر دیا۔ حکام نے ہوٹل مالکان کو تین روز تک کسی مسافر کو ہوٹل میں نہ ٹھہرانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ دوسری طرف پریڈ ایونیو آنے والی تمام اہم شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔ راولپنڈی میں پولیس کا سرچ آپریشن، 25 ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی۔ 3 موٹر سائیکلوں کو قبضہ میں لیکر 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی شعیب خرم جانباز نے بتایا کہ پریڈ کے موقع پر ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا۔ علاوہ ازیں حکومت نے آج پیر کو یوم پاکستان پر ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے واپڈا سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ آج سوموار یوم پاکستان کے موقع پر صبح سے لیکر رات 9 بجے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف خصوصی طیارے کے ذریعے یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں شرکت کیلئے لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ آن لائن کے مطابق آج ہونے والی پریڈ کے موقع پر پولیس کو اہم ڈیوٹیاں نہ دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیوٹیز کے علاوہ دیگر پولیس اہلکاروں کیلئے پریڈ گرائونڈ تو درکنار احاطہ میں بھی جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یوم پاکستان آج جوش و جذبہ سے منایا جائے گا، اسلام آباد میں7 سال بعد مسلح افواج کی پریڈ ہو گی
Mar 23, 2015