کوئٹہ + بنوں+ پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو ضلع آواران کے علاقے جاؤ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا مزید تحقیقات جاری ہے۔ جبکہ سی ٹی ڈی بنوں نے ایک کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگردوں سے 2 کلو بارودی مواد اور کلاشنکوف برآمد کر لی گئی۔ دہشتگردوں میں نعمان، خالد عثمان اور رہودات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پشاور میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 46 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ چارسدہ سے ایک دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشترکہ سرچ آپریشن اخوان آباد، توحید آباد اور ملحقہ علاقوں میں کیا گیا جس دوران ایک افغان باشندے سمیت 46 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دریں اثناء محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مردان ڈویژن نے چارسدہ کے علاقے تنگی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد اسحٰق عرف یوسف کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کا تعلق کالعد م تحریک طالبان کے مہمند ایجنسی گروپ سے ہے۔ دہشت گرد کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ ملزم پر دہشت گردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں سہولت کاری کا بھی الزام ہے۔علاوہ ازیں ایف سی نے پنجگور میں کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا جس میں 50 راکٹ، 48 فیوز، 7 آر پی جی، چار بارودی سرنگیں اور دو کلو بارود شامل ہے۔
آواران: جھڑپ، دہشت گرد ہلاک: بنوں میں 3 گرفتار، بارودی مواد برآمد
Mar 23, 2016