کراچی (کرائم رپورٹر)کورنگی انڈسٹریل ایریا مہران ٹائون میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو ٹارگٹ کلرز مارے گئے اور پولیس نے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے ٹارگٹ کلرز کی شناخت شکور عرف گرنیڈ اور انور عرف دودو میاں کے ناموں سے ہوئی دونوں پیپلز پارٹی کے علاقائی رہنمائوںامان اللہ اور رشید بلوچ کے قتل کے علاوہ بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی دیگر وارداتوںمیں بھی ملوث تھے۔ پولیس نے دو مختلف علاقوں سے کالعدم تنظیم کے 13دہشت گردوں کو گرفتار کرکے شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رضویہ پولیس اور حساس اداروں کی گلبہار میں کارروائی‘ 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ‘ بارودی مواد اور ہزاروں گولیاں برآمد کرلیں پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں جنید الرحمان‘ عبدالحق حیدری‘ زاہد چوہدری‘ سعید اور دیگر شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی کے مفتی شاہد گروپ سے ہے دہشت گرد مبینہ طور پر یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے تھے جبکہ گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ کے دوران انہوںنے امام بارگاہوں پر دستی بموں سے حملوں کابھی اعتراف کیا۔ علاوہ ازیں سی ٹی ڈی پولیس نے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں کارروائی کرکے 3 دہشت گردوںکو گرفتار کرکے اسلحہ‘ حساس آلات اور نفرت آمیز لٹریچر برآمد کرلیا پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں عمیر‘عثمان اور امام الدین عرف مالویہ کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔قانون نافذ کرنیوالے ادارے نے قومی ادارہ برائے امراض قلب سے سکیورٹی سپروائزر صغیر عرف چاچا کو گرفتار کرلیا۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔ لیاری میں رینجرز نے کارروائی کرکے لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے دو سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان امین اور ماما حنیف باپ بیٹا ہیں۔
کراچی، مقابلے میں 2 ٹارگٹ کلر ہلاک، چھاپے‘ 13 خطرناک دہشت گرد گرفتار
Mar 23, 2016