کراچی (این این آئی) انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں مفرور ملزموں انیس قائم خانی، قادر پٹیل، سلیم شہزاد کے دوباہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے۔ منگل کو عدالت میں کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم حسین ، سمیت ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر، رؤف صدیقی، پاسبان کے جنرل سیکرٹری عثمان معظم عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ انیس قائم خانی حیدر آباد میں ہیں اسلئے گرفتار عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ ایک ساتھی ایم پی اے اختر عالم نے کہا ہے کہ انیس قائم خانی عدالت میں پیش ہوجائینگے جبکہ سلیم شہزاد کی گرفتاری کیلئے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے، اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے قادر پٹیل کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب وکیل انور منصور خان نے میڈیا صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کی عدالت میں حاضری کی خبر نہیں تھی، ڈاکٹر عاصم خود اپنی مرضی سے عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈاکٹروں کی جانب سے آرام کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے مفرور ملزموں انیس قائم خانی، قادر پٹیل، سلیم شہزاد کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے سماعت 2 اپریل تک ملتوی کردی۔