کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے رینجرز اختیارات کے حوالہ سے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا ۔ عدالت نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق کے معاملات میں کیسے مداخلت کر سکتی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے بل کی منظوری پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا گیا ۔ ایک شہری کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ حکومت سندھ وفاقی اختیارات میں مداخلت کرتے ہوئے رینجرز کے اختیارات کو محدود کر رہی ہے ۔ عدالت نے سندھ حکومت کا موقف سننے کے بعد وفاقی حکومت سے تحریری جواب طلب کر لیا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ رینجرز کو اختیارات دینے کا معاملہ وفاقی ہے صوبائی حکومت ان اختیارات میں کیسے مداخلت کرسکتی ہے ۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے میں رینجرز نے اہم کردار ادا کیا لیکن صوبائی حکومت رینجرز کو روکنے کے لیے روڑے اٹکا رہی ہے اور سندھ اسمبلی سے ایک بل منظور کروایا گیا ہے جس میں رینجرز اختیارات کو محدود کیا جا رہا ہے۔