ووٹر فہرستوں میں شناختی کارڈ نمبر درج نہ کرنے کا فیصلہ

Mar 23, 2016

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پارلیمانی انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے سکیورٹی کے پیش نظر انتخابی فہرستوں میں ووٹرز کے شناختی کارڈ نمبرز کے اندراج کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے‘ انتخابی فہرستوں میں صرف ووٹرز کا نام اسکا ایڈریس اور حلقہ لکھا ہو گا۔ منگل کو ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر زاہد حامد کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا انتخابات میں برقی مشینوں کے استعمال اور نادرا کی جانب سے ڈیٹا سے غیر ملکیوں اور دہرے شناختی کارڈز کی نشاندہی کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں بریفنگ لی گئی۔ کمیٹی نے کمشن کو جلد تمام قوانین یکجا کرنے اور انتخابی قواعد و ضوابط کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے بعد زاہد حامد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین نادرا نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ رجسٹریشن کے حوالے سے ڈیٹا کی چھان بین میں 67 ہزار غیر ملکی و اجنبی باشندوں کی نشاندہی ہوئی ان تمام کارڈز کو بلاک کر دیا گیا ہے اسی طرح دوہرے شناختی کارڈز بھی صرف 5000رہ گئے تھے ان کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں