لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے برطانیہ کی وزیر داخلہ امبر رڈ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا- برطانوی وزیر داخلہ نے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے شاندار اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بہترین انداز میں اقدامات کیے ہیں۔ برطانیہ اور پنجاب حکومت ایک دوسرے کے بہترین شراکت دار ہیں اور ہم تعمیر وترقی کے شعبوں میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں- یقیناً پنجاب حکومت نے کئی اہم اہداف حاصل کئے ہیںاور ہم نے بھی آپ سے سیکھا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی نوعیت کے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ پنجاب حکومت خواتین کی دادرسی کے لئے اس طرح کے مزید سنٹرز دیگر شہروں میں بھی قائم کرے گی- عملی میدان میں خواتین کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے تاکہ ترقی اورخوشحالی کے سفر کو مزید تیز کیا جاسکے- خواتین کو جتنا زیادہ بااختیار بنائیں گے، ترقی اور خوشحالی کا پہیہ اتنی تیزی سے گھومے گا۔ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیاں لازوال ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے پوری قوم یکجا ہے اور پرعزم پاکستانی قوم دہشتگردی انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے ناسور کے مکمل خاتمے کا عزم کرچکی ہے ۔ دہشتگردی ،انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے ملکر مربوط اقدامات کیے ہیں۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ انتہا پسندانہ مائنڈ سیٹ کو بھی شکست دیں گے- انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صرف دہشت گرد ہے، ان سفاک درندوں کا کوئی دین ہے نہ مذہب اور نہ ہی کوئی جغرافیائی شناخت۔ شہباز شریف نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے پیغام میں کہا ہے کہ آج بھی اسی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 23 مارچ 1940 کو دیکھنے میں آیا۔ 23 مارچ 1940 والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر ہی وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے۔ پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ یہاں دھونس، دھاندلی، اقربا پروری اور لوٹ مار ہو بلکہ پاکستان کے قیام کا مقصد سب کیلئے ترقی کے یکساں مواقع اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہے۔ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے پاکستان کو اس کی اصل منزل سے دور کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے اورکزئی ایجنسی میں شہید ہونے والے میجر مدثر صغیر اور سپاہی مطیع اللہ کی بہادری اور جرات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہادت کا بلند رتبہ پانے والے میجر مدثر صغیر اور سپاہی مطیع اللہ نے وطن کے امن کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے پاک افواج کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔