برطانوی پارلیمنٹ کے گیٹ سے گاڑی ٹکرا دی‘ چاقو سے حملہ‘ پولیس اہلکار سمیت4 ہلاک

Mar 23, 2017

لندن (عارف چودھری+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) لندن میں ویسٹ منسٹر پل پر ڈرائیور نے گاڑی چڑھا کر پارلیمنٹ کے گیٹ سے ٹکرا دی، خاتون سمیت دو مارے گئے جبکہ اسکے ساتھی نے چاقو سے حملہ کرکے پولیس اہلکار کو ہلا ک کردیا۔ جوابی کارروائی میں ملزم مارا گیا اور اسکے 2 ساتھی پکڑے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسلح شخص نے پارلیمنٹ میں گھسنے کی کوشش کی۔ بی بی سی اور عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ایک ہی تھا۔ پولیس کے مطابق یہ دہشت گردی ہے۔ ہائوس آف کامنز کا اجلاس ملتوی کرکے پارلیمان کی عمارت اور زیرزمین سٹیشن کو بند کردیا۔ وزیراعظم تھریسامے کو سلور جیگوار گاڑی میں پارلیمنٹ سے باہر آتے دیکھا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ وہ خیریت سے ہیں۔ غیرملکی ایجنسی کے مطابق دھماکہ سنا گیا۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق بھگدڑ کے بعد دوسرے کار سوار نے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی جس سے خاتون سمیت 2 مارے گئے۔ واقعہ کے بعد وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس بلالیا۔ برطانیہ میں الرٹ، شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔ فی الوقت خیال ہے کہ ایک ہی حملہ آور تھا جو مارا گیا۔ دوسری طرف امریکی صدرٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو فون کیا اور ویسٹ منسٹر واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف ساتھ دینے کا یقین دلایا۔ میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ لندن میں ہائوس آف پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے واقعہ کو تب تک ایک دہشت گرد حملہ تصور کیا جائیگا جب تک اسکے منافی شواہد نہ مل جائیں ،تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار افسوس و ہمدردی بھی کیا۔ پارلیمنٹ میں اس واقعہ کے بعد ایک ائرایمبولینس (ہیلی کاپٹر) کوبھی اترتے دیکھا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر ابن عباس نے ویسٹ منسٹر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اس مشکل وقت میں برطانیہ کے ساتھ ہیں۔ ہماری دعائیں حملے کے متاثرین اور اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ میٹروپولیٹن لندن کی صلاحیت اور جرأتمندی قابل تعریف ہے۔

مزیدخبریں