اسلام آباد + لاہور (خصوصی رپورٹر + وقائع نگار خصوصی + نیوز ایجنسیاں) پاکستانی قوم (آج) 77واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منائے گی، اسلام آباد شکر پڑیاں میں شاندار مشترکہ فوجی پریڈ ہوگی، جس میں پہلی بار چین، سعودی عرب اور ترک فوج کے دستے بھی شرکت کریں گے، جنوبی افریقہ کے فوجی سربراہ بھی مہمانوں میں شامل ہیں۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ جنوبی افریقہ کی فوج کے سربراہ بھی مہمانوں میں شامل ہوں گے۔ یوم پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی اور مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور استحکام کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہو گا، پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے جائیں گے۔ حکومت نے اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، تینوں مسلح افواج کے سروسز چیفس، ارکان پارلیمنٹ، وفاقی وزرائ، غیر ملکی سفیر و دیگر معزز شخصیات پریڈ دیکھیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کے مطابق اس بار یوم پاکستان کی پریڈ اس لئے بھی خاص ہوگی کہ عظیم دوست ملک چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی تینوں مسلح افواج، سعودی سپیشل فورسز کا دستہ اور ترکی کا ملٹری بینڈ ترانوں پر سر بکھیرے گا۔ یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، پاک فضائیہ کے طیارے شاندار فلائی پاسٹ کریں گے، مسلح افواج کے مختلف دستے پریڈ پیش کریں گے۔ مسلح افواج میں شامل جدید ترین فوجی سازو سامان، نئے میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی ہوگی۔ اسی طرح پاکستان رینجرز کے زیر اہتمام واہگہ اور گنڈا سنگھ سرحد پر پرچم کشائی کی تقاریب ہوگی۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے، لاہور میں مزار اقبال اور کراچی میں قائداعظمؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی ہوگی، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے یوم پاکستان کے موقع پر تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، لاہور میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام مرکزی تقریب نصیر آباد گلبرگ میں مسلم لیگ ن کے مرکزی دفتر میں ہوگی جس میں وفاقی و صوبائی وزرائ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، میئر، ڈپٹی میئر، یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں سمیت مسلم لیگی کارکن شرکت کریں گے، مسلم لیگ ن کلچرل ونگ پنجاب کی صدر مسز ملک نے نوائے وقت کو بتایا کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی تقریب میں کلچرل پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔ یوم پاکستان کے سلسلہ میں آج لاہور ہائیکورٹ اور اس کے علاقائی بنچز ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی بنچ اور ماتحت عدالتوں میں عام تعطیل ہو گی۔ یوم پاکستان پریڈ دیکھنے کیلئے آنے والے مہمانوں کو ’’پہلے آئیے پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر نشستیں مل سکیں گی‘ پریڈ ایونیو میں آج موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ‘ اس طرح گیس سلنڈروں والی گاڑیوں کو بھی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی، مہمانوں سے گاڑیوں سے گیس سلنڈرز اتار کر لانے کے بارے میں کہا گیا ہے مہمانان کے داخلے کے لئے دعوت نامے کے ساتھ قومی شناختی کارڈز /سروس کارڈز دکھانا لازمی ہوگا۔ وی آئی پی مہمانوں سے بھی خلاف ضابطہ مواد نہ لانے کی درخواست کی گئی ہے۔ دعوت نامہ کے مطابق تقریب صبح ساڑھے آٹھ بجے شکر پڑیاں پریڈ گراونڈ میںشروع ہوجائے گی مسلح افواج سے مدعو مہمانان فوجی وردی اور میڈلز کے ساتھ اسی طرح سویلین قومی لباس اور سوٹ زیب تن کرکے میں تقریب میں شرکت کر سکیں گے۔ ڈریس کے بارے میں بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق مہمانان کالی شیروانی / اچکن اور کالی واسکٹ کرتہ ‘ قمیض شلوار زیب تن کر کے تقریب میں شرکت کر سکے گے۔ موبائل ٹیلیفونز، ویڈیو و آڈیو کیمرے ہینڈ بیگز،پاکٹ ریڈیوز ، برقی آلات ، واکی ٹاکی لانے پر پابندی ہو گی۔ لیڈیز بیگز اور پرس چیکنگ کے بعد لائے جا سکے گے ۔ مہمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تقریب سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل صبح 7 بجے پریڈ ایونیو پہنچ جائیں اس کے بعد مرکزی دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔ پاک فوج کی خواتین کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ ہو گا۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کا سامنا کررہا تھا اور حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادر عوام کے تعاون سے اس کا مکمل خاتمہ کیا۔ آئیے اس دن عہد کیجئے کہ ہم ملک میں قیام امن معاشرے میں رواداری اور برداشت کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ 23 مارچ 2017ء کو یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ میں لازوال دن ہے اس دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن حاصل کرنے کا عہد کیا جس کے لئے وہ کافی عرصہ سے کوششوں میں مصروف تھے، باہمی اتحاد و اتفاق اور مخلص قیادت کے زیر سایہ کام کرتے ہوئے ناممکن کو بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیے اس خوشی کے دن کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کریں جن کی انتھک کو ششوں سے مسلمانان بر صغیر کو علیحدہ مملکت خدادا ملا۔ صدر نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں آزاد ہیں اور تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، کسی کو دوسرے پر کوئی فوقیت نہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کا مرکز بن چکا ہے ۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری نے چین اور پاکستان کو ایک دوسرے کے مزید قریب کردیا ہے۔ وزیراعظم نے قوم کے نام پیغام میں کہا 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے۔ جنوبی ایشیا کی مسلم ملت ایک مدت سے اپنی شناخت کے لیے کوشاں تھی لیکن اس کے سامنے کوئی متعین منزل نہیں تھی۔ اسی تاریخ کو ہمیں وہ یک سوئی میسر آئی جس کے نتیجے میں نہ صرف منزل کا تعین ہوا بلکہ قیام پاکستان کی صورت میں ہم نے وہ منزل حاصل بھی کی۔ علامہ اقبال کے خطبہ الٰہ آباد میں اگرچہ منزل کا تعین کر دیا گیا تھا لیکن اس پر قومی اجتماع 23 مارچ کو منعقد ہوا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر عزمِ صمیم ہو اور قوم کو ایک یکسو اور دیانت دار قیادت میسر ہو تو بظاہر ناممکن دکھائی دینے والا ہدف ممکن بن جاتا ہے۔ 23 مارچ کی قراردادِ پاکستان میں یہ مضمرتھا کہ یہ نئی مملکت اپنے قیام کے بعد ایک ایسی قومی ریاست میں ڈھل جاتی جس میں تمام شہریوں کو مساوی مواقع میسر ہوں۔ آج اﷲ کا شکر ہے کہ پاکستان کے عوام کو ایک بار پھر اپنی کھوئی ہوئی منزل کا سراغ مل گیا ہے۔ گزشتہ تین سال میں جہاں پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے حکومت، فوج، سلامتی کے اداروں اور عوام نے قربانی دی، وہاں اقتصادی خوش حالی اور ترقی کے لیے حکومت نے پوری یک سوئی کے ساتھ پیش رفت کی۔ آج کا پاکستان اﷲ کے فضل وکرم سے جمہوری ہے۔ اس میں عدلیہ آزاد ہے، میڈیا آزاد ہے۔ ملک کے پسماندہ علاقوںکو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دی جارہی ہے۔ سی پیک جیسے تاریخ ساز منصوبوں پرکام جاری ہے جس سے بلوچستان میں تعمیر و ترقی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ آنے والے دنوں میں انشاء اﷲ بلوچستان ملک کے ترقی یافتہ علاقوں میں شامل ہوگا۔ چینی صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی چی چیانگ نے صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف کو 78 ویں یوم پاکستان کے موقع پر تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ چینی سفارتخانہ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق چینی صدر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام پیغام میں چین کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے 78 ویں یوم پاکستان کے موقع پر نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کے عوام نے مختلف نوعیت کے چیلنجوں سے مؤثر طور پر نبرد آزما ہوتے ہوئے قومی سلامتی اور استحکام برقرار رکھا، سماجی و اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کی۔ انہوں نے قومی تعمیر کے اس نصب العین میں پاکستان کی پیشرفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برس پاک۔چین تعلقات نے پاک۔چین اقتصادی راہداری پر بھرپور عملدرآمد کے مرحلہ کی طرف بڑھتے ہوئے تیز تر ترقی کی ہے۔ چینی صدر نے ’’ایک پٹی ایک شاہراہ‘‘ کے اقدام کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اطراف ’’مشترکہ منزل کی پاک۔چین کمیونٹی‘‘ کی تشکیل کیلئے کوشاں ہیں، چینی صدر نے کہا کہ وہ پاک چین تعلقات کے فروغ کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور وہ پاک۔چین سدا بہار سٹرٹیجک شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانے کیلئے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ فرانس کے صدر فرینکوئس ہولاندے نے بھی صدر مملکت ممنون حسین کو یوم پاکستان پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ فرانسیسی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فرانس کے صدر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ پائیدار دوستی کو اجاگر کیا۔ پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانہ نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان اور اس کے عوام کیلئے نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو فسادیوں سے پاک کر نے کا ہمیں عہد کرنا ہو گا تاکہ پاک سرزمین کو قائداعظم ؒ اور علامہ اقبال ؒ کے خواب کے مطابق بنایا جاسکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پوری قوم کو اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے، پاکستان کو فسادیوں سے پاک کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ23 مارچ 1940 کو ہم نے پاکستان بنانے کا عہد کیا اور اس میں ہم کامیاب رہے، آئیں آج پھر عہد کریں اور پاکستان کوفسادیوں سے پاک کرکے پرامن ملک بنائیں کیونکہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے یوم پاکستان کے پر وقار موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 23مارچ کا دن بر صغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ یوم پاکستان درحقیقت اس عہد کے تجدید کا دن ہے کہ ہم بطور پاکستانی انفرادی یا اجتماعی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی کے لئے جانفشانی سے کام کریں گے۔بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے بھی صدر ممنون حسین اور پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کی مباکبارد دی ہے اور کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی اور تشدد سے پاک ماحول میں تعلقات چاہتے ہیں اپنے پیغام میں انہوں نے کہا بھارتی حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستانی قیادت اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔