شام : امریکی اتحادی طیاروں کی سکول پر بمباری 33 افراد ہلاک

Mar 23, 2017

دمشق،انقرہ (نیٹ نیوز، بی بی سی ، آئی این پی ، اے پی پی ) شام میں شدت پسند تنظیم داعش کے زیر قبضہ علاقے میں امریکی اتحادی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 33افراد ہلاک ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کی جانب سے جاری بیان میں بتایا کہ داعش کے خلاف عالمی اتحاد کے جنگی طیاروں کے بے گھر افراد کی پناہ کے لئے استعمال ہونے والے سکول کو نشانہ بنایا۔ یہ حملہ شام کے شمالی صوبہ رقہ میں داعش کے زیر قبضہ علاقے المنصورہ میں کیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب بدھ کے روز 68ممالک قر مبنی عالمی اتحاد کے اعلیٰ عہدے دار واشنگٹن میں ملاقات کرنے والے ہیں جو شام میں داعش کے خاتمے کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ڈی ملوا نے کہا متحارب شامی گروپوں نے اہم معاملات پر بات چیت کی۔ شام سے سنائپر کے حملے میں ترک فوجی مارا گیا۔ ابزرویٹری کے سر براہ رامی عبدالرحمن کے مطابق ملبے میں سے لوگوں کو باہر نکالنے کا کام بدستور جاری ہے اور اب تک صرف دو افراد کو زندہ باہر نکالا جا سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حملے کا نشانہ بننے والے سکول میں تقریباً پچاس بے گھر کنبے رہائش پذیر تھے۔ادھر ترجمان پینٹا گون نے کہا شہریوں کی ہلاکت کے معاملے کی انکوائری ہو گی ۔

شام بمباری

مزیدخبریں