بیجنگ/اسلام آباد (آن لائن) چین نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیا ٹریکنگ سسٹم فراہم کردیا،نئے چینی ٹریکنگ سسٹم کی مدد سے پاکستان کے لیے دشمن کے متعدد شہروں اور فوجی تنصیبات کو بیک وقت نشانہ بنانا ممکن ہوگیا ۔ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ اخبار کے مطابق چین نے پاکستان کے میزائل پروگرام کے لیے موثر ٹریکنگ سسٹم فروخت کیا ہے جس کی مدد سے ملٹی وار ہیڈ میزائلز کی تیاری کی رفتار کو تیز کیا جاسکتا ہے۔ چینی حکومت نے خفیہ دستاویزات کو مشتہر کیا ہے جس سے اس غیر معمولی میزائل سودے کی تفصیلات سامنے آئیں۔ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز (سی اے ایس) کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق چین یہ حساس ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم کرنے والا پہلا ملک ہے۔ تاہم یہ بات سامنے نہیں آسکی کہ پاکستان نے کتنی رقم میں یہ سسٹم خریدا ہے۔ چینی سائنس دان ڑہینگ مینگوائی نے تصدیق کی کہ پاکستان نے چین سے انتہائی جدید اور وسیع آپٹیکل ٹریکنگ سسٹم حاصل کیا ہے۔ پاکستانی فوج نے اپنے نئے میزائلز کی تیاری اور آزمائش کے لیے چینی ساختہ نئے ٹریکنگ سسٹم کا استعمال بھی شروع کردیا ہے۔ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق پاکستان میزائلز کی جدید قسم ’ایم آئی آر ویز‘ کی تیاری پر توجہ دے رہا ہے۔ ایم آئی آر ویز میزائل بیک وقت متعدد ایٹمی وار ہیڈز لے جاسکتا ہے۔ امریکی ڈیفنس انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے جنوری 2017ء میں نیوکلیئر میزائل ابابیل کا تجربہ کیا تھا جو جنوبی ایشیا کا پہلا ایم آئی آر وی میزائل ہے جو فضا میں بلند ہونے کے بعد بیک وقت مختلف سمتوں میں وار ہیڈز فائر کرتا ہے۔ دوسری جانب بھارت تاحال ایم آئی آر وی میزائل بنانے میں ناکام ہے۔
میزائل سسٹم