کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ آئی این پی+ آن لائن ) کوئٹہ میں کچھ موڑ کے قریب سکیورٹی فورسز نے خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر کے خود کش جیکٹ ناکارہ بنا دی۔ جمعرات کو کوئٹہ میں کچھ موڑ پرخودکش بمبار کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم فورسز نے خود کش حملے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آورکی جیکٹ میں 8 سے 10 کلو دھماکہ خیزمواد موجود تھا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیاجبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا گیا۔آن لائن کے مطابق سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی روڈ پر چودھری نالے کے قریب سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے سڑک کے کنارے بارودی سرنگ برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا‘ مزید کارروائی کی جارہی ہے۔کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو میں حساس ادارے کی اطلاع پر ایف سی اور لیویز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ڈپٹی کمشنر کوہلو آغا نبیل اور ونگ کمانڈر میوند رائفل فیصل فاروق نے ایف سی کینٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ کارروائی حساس ادارے کی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ اسلحے میں آر پی جی سیون گولہ 32،آر پی جی سیون فیوز 70،اینٹی ٹینک مائنز 41،میزائل فیوز 173،ماٹر گولہ 29 اور 8300سے زیادہ رونڈ شامل ہیں۔
کوئٹہ: فورسز کی گاڑی پر حملہ کی کوشش‘ بمبار ہلاک ڈیرہ بگٹی: بارودی سرنگ ناکارہ‘ کوہلو: اسلحہ برآمد
Mar 23, 2018