اسلام آباد (نامہ نگار+این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی بد عنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے ساتھ بدعنوانی سے آگاہی اور تدارک کی مہم ’’بد عنوانی سے انکار‘‘ پر 2018ء میں بھی عملدرآمد جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کی آگاہی اور تدارک مہم کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آگاہی و تدارک نیب نے بتایا چیئرمین نیب کی ہدایات پر لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے مختلف سرکاری ، غیر سرکاری اداروں ،میڈیا ،سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقوں کے ساتھ کام کررہا ہے۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، آئیسکو ، لیسکو، گیپکو ، پیپکو، فیسکو اور کے الیکٹرک کے بجلی اور گیس کے بلوں پر نیب کا بد عنوانی سے انکار کا پیغام درج کیا جا رہا ہے ۔ نیب کے تعاون سے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 24لاکھ ڈرائیونگ لائسنس پر نیب کا بد عنوانی سے انکار کا پیغام درج کیا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا نیب نے سی پیک منصوبوں میں نگرانی اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے چین کی ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا نیب ملک سے بد عنوانی سے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اپنے قومی فرض کی ادائیگی میں تیزی لایا ہے۔ نیب ملک میں بد عنوانی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ نیب کو یقین ہے سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام سمیت تمام متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے بدعنوانی کو روکا جا سکتا ہے۔ نیب راولپنڈی نے پاک پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اسلام آباد کی انتظامیہ کے خلاف انوسٹی گیشن کے دوران ممبر ٹیکنیکل عمران احمد خان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر رہائشی پلاٹوں کو غیر قانونی طریقہ سے کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔
نیب نے ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ مہم رواں سال بھی جاری رکھنے کا اعلان کردیا
Mar 23, 2018