آکلینڈ (آن لائن) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد پولیس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کو ٹوئٹر پر ایک بندوق کی تصویر بھیجی گئی، جس کے ساتھ یہ کیپشن درج تھا کہ 'اس کے بعد آپ کی باری ہے'۔ دھمکی دینے والے شخص کا ٹوئٹر اکائونٹ معطل ہونے سے 48 گھنٹے قبل اس تصویر کو پوسٹ کیا گیا تھا، تاہم مختلف لوگوں کی جانب سے اسے رپورٹ کرنے کے بعد اکائونٹ کو معطل کردیا گیا۔ ٹوئٹر کی جانب سے معطل کیے گئے اکائونٹ پر نفرت انگیز تقاریر موجود تھیں۔ دریں اثناء آسٹریلوی دہشت گرد کی بہن نے بھی بھائی کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں 28 سالہ دہشت گرد برنٹن ٹیرنٹ کی ہمشیرہ کو مساجد میں نمازیوں کے قتل عام کی ویڈیو دکھانے کی کوشش کی گئی تو وہ فوٹیج دیکھنے کی ہمت نہ کرسکیں اور پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں۔ جب صحافی نے اس سے پوچھا کہ وہ اپنے بھائی کے اس سنگین جرم پر کیا رائے رکھتی ہے تو اس کا کہنا تھا کہ اگرچہ ٹیرنٹ ان کے خاندان کا فرد ہے مگر وہ مجرم اور دہشت گرد ہے جو کسی ہمدری اور رحم کا مستحق نہیں۔ میرا بھائی عبرتناک سزائے موت کا مستحق ہے۔ ادھر آج ہفتہ کو آسٹریلوی دہشت گرد پر نیوزی لینڈ میں مساجد میں قتل عام کے جرم میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔