لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو غدار وطن قرار دینے کے مطالبے کی ایک اور قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی تحریک انصاف کی رکن اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ"بلاول بھٹو کو غدار وطن قرار دیا جائے اور غداری کا مقدمہ درج کر کے بھرپور کارروائی کی جائے۔ ادھرمحکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی ناقص تعلیمی پالیسی کیخلاف اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی گئی ہے ، تحریک التواء مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی، تحریک کے متن میں کہاگیا ہے کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب میں اصلاحات کے دعوے پورے کرنے میں ناکام رہا ہے۔ علاوہ ازیںیوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ، قرارداد مسلم لیگ ن کی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں وفاقی حکومت سے اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے حکومت کی جانب سے 12 ارب روپے کے ریلیف پیکج کے بعد اشیاء ضرویہ کی قمیتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے۔دریں اثنا سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ہے جس میں کہا ہے کہپنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں سٹور آئٹمز اور آلات کی خریداری میں ایک کروڑ سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور کسی بھی ذمہ دار کے خلاف کاروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ ان آئٹمز کی میعاد ابھی رہتی تھی لیکن اسکے باوجود اتنی ہی مالیت کے آلات مزید خرید لئے آڈٹ کے انکشاف پر متعدد پیروں پر متعلقہ انتظامیہ نے اعتراضات نوٹ کر لئے۔