لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ینگ پروفیشنل فورم کی طرف سے اپنے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب اور سعودی ریڈیوکی اردو سروس کو انٹرویو میں کہا ہے کہ اسلام کی روشنی چاروں طرف پھیل رہی ہے ،یورپ اور مغرب سے اندھیرے چھٹ رہے ہیں،پروفیسرز ،ڈاکٹر ز ،انجینئرز ،سائنسدان حتی کہ فنکار اور اداکار بھی بڑی تعداد میں مسلمان ہورہے ہیں،مغرب اور یورپ کے عوام اسلام پر ایمان لارہے ہیں جس سے امریکہ سمیت مغربی استعمار جس نے لوگوں پر اپنا تسلط قائم کررکھا ہے اس کے اقتدار کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے ،مغرب کے تھنک ٹینکس اور تجزیہ نگار بتارہے ہیں کہ آئندہ دوتین عشروں میں مغرب اور یورپ میں اسلام سب سے بڑا مذہب ہوگا۔مغربی استعمار چاہتا ہے کہ اسلام کے اس نور کو پھیلنے سے روکا جائے اس لئے وہ کبھی پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی کیلئے ان کے خاکے بناتے اور شائع کرتے ہیں اور کبھی قرآن مجید جو انسانیت کی راہنمائی کیلئے اللہ کا آخری پیغام ہے اسے نذر آتش کرتے اور اس پر مقدمہ چلاتے ہیں ،مساجد و مدارس پر حملے،مسلم خواتین کے سر سے سربازار نقاب اتارنا اور انہیںسکارف سے محروم کرنا معمول بن چکا ہے لیکن اس تعصب اور نفرت کے باوجود اسلام کے قدم آگے بڑھ رہے ہیںکیونکہ منفی سوچ اور تعصبانہ انتقامی حربوں سے اسلام کی روشنی کو پھیلنے سے نہیں روکا جاسکتا ۔ نیوزی لینڈ کے سانحہ کے بعد چند دنوں میں ہزاروں لوگ مسلمان ہوئے ہیں ۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا نے مسلمانوں سے ناصرف تعزیت کی بلکہ اسلامی لباس اور ڈوپٹہ اوڑھ کر ان سے اظہار یکجہتی کیا ۔ جمعہ کو نیوزی لینڈ کے سرکاری ٹیلی وژن اور ریڈیو سے جمعہ کی اذان براہ راست نشر کی گئی ۔وزیر اعظم نے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کینڈا میں رہائش کی پیشکش بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اسلام کے غلبہ کے اسباب خود پیدا کررہا ہے اب عالم اسلام کو یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا بھر میں اسلامی انقلاب کے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور مسلمانوں کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔مغرب اور یورپ کے تنگ نظر انتہا پسند وں کی طرف سے پھیلائے جانے والے اسلامو فوبیا نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو سخت اذیت اور پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے ۔ ادھرجماعت اسلامی کے قائم مقام امیر و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے نومنتخب امیر جماعت سینیٹر سراج الحق سے سعودی عرب میں فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں امیر جماعت منتخب ہونے پر استقامت اور کامیابی کی دعا دی اور کہا کہ ان شاء اللہ ارکان جماعت کا آپ پر اعتماد جماعت اسلامی کیلئے نیک فال ثابت ہوگااور آپ کی قیادت میں جماعت اسلامی، نظریاتی انقلاب کی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوگی،لیاقت بلوچ نے منصورہ میں جامع مرکز علوم اسلامیہ کی سالانہ تقریب ختم بخاری و دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس پوری کائنات کیلئے رحمت ہیں ۔مدارس اپنا کام چھوڑ دیں تو زندگی کی کھیتی سوکھ جائے اورانسانیت مردہ ہوجائے۔تقریب سے پروفیسر محمد ابراہیم اور شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبد المالک نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان سے دودن قبل بھارتی سپریم کورٹ نے سمجھو تہ ایکسپریس کے مجرم ہندوانتہا پسندوں اور دہشت گردوں کو بری کرکے ثابت کردیا ہے کہ بھارتی جمہوریت اور سیکولر ازم ڈھونگ ہے اور بھارت کی اعلیٰ ترین عدالتیں بھی ہندو انتہا پسندوں کے خوف اور دبائو میں ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان بھارتی سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو عالمی عدالت میں چیلنج کرے۔لیاقت بلوچ نے ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا ہے۔
تعصبانہ انتقامی حربوں سے اسلام کو پھیلنے سے نہیں روکا جا سکتا : سراج الحق
Mar 23, 2019