یاسین ملک کی خراب صحت پر تشویش ، ائیرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ دیکھ رہے ہیں : دفتر خارجہ

Mar 23, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ نیٹ نیوز) پاکستان نے تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یٰسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش ظاہر کی ہے ۔ دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے سیاسی رہنما کو انتقام کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارت کی جانب سے تیس سال پرانے مقدمے میں کشمیری رہنما کے خلاف عائد کی گئی جھوٹی فرد جرم کے خلاف احتجاج کے طور پر غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال کرنے کا ان کا اعلان انتہائی پریشان کن ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری رہنما کے ساتھ بھارتی حکومت کے غیر انسانی سلوک کا نوٹس لے۔ دنیا کے مختلف ائیرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر کام کر رہے ہیں۔ ہوائی اڈے پر محصور 54 شہریوں کی ملائیشیا میں دوبارہ انٹری کر دی گئی ہے۔ دفتر خارجہ مختلف ممالک میں موجود اپنے مشنز سے رپورٹس لے رہا ہے۔ کوالالمپور میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ائیرپورٹ پر پھنسے 54 پاکستانیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ تمام مسافروں کی امیگریشن ہو چکی تھی، مگر ائیر لائن نے بورڈنگ سے انکار کر دیا تھا۔ تعاون کرنے پر ملائیشیا کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر کے مطابق بینکاک میں پھنسے 50 پاکستانیوں کی دوبارہ انٹری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بینکاک اور دوحہ ایئرپورٹ پر پاکستانی محصور ہو چکے ہیں۔ قطری حکام نے لندن سے براستہ دوحہ آنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ لے لیے ہیں۔ محصورین نے پاکستانی حکومت سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔ بیرون ملک محصور ہونے والے پاکستانیوں میں انٹرنیشنل ہاکی سٹار افشاں نورین بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق بینکاک اور دوحہ میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے حکومت نے پی آئی اے حکام سے رابطہ کرتے ہوئے ممکنہ خصوصی آپریشن کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ پی آئی اے حکام کی جانب سے خصوصی فضائی آپریشن کے لیے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو رابطوں کے بعد وطن واپس لانے کیلیے پروازیں چلائی جا سکتی ہیں۔

مزیدخبریں