لاہور(نیوزرپورٹر)گورنر پنجاب نے کرونا کی وجہ سے بے روزگارہونے والوں کو ماہانہ راشن دینے کا اعلان کردیا۔چودھری محمد سرور نے مخیر حضرات کے ساتھ ملکر متاثرین کو ماہانہ راشن پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے، مختلف شعبوں سے بیروزگار ہونے والوں کی فہرستوں کی تیاری شروع کردی گئی۔ راشن پیکج میں 20 کلو آ ٹا،1 کلو چاول، 20 لٹر دودھ،10 کلو چینی بھی ملے گی،5 کلو دالیں، چائے کے 5 ڈبے،2 درجن صابن بھی راشن پیکج میں ملیں گے۔چودھری محمد سرور نے کہا حالات بہتر ہونے تک غریب افراد کی مدد جاری رکھیں گے، کرونا کے شکار افراد کے اہل خانہ کو ماہانہ بنیادوں پر راشن پیکج ملے گا، فلاحی تنظیموں کیساتھ ملکر بے روزگاروں کو ماہانہ راشن دیں گے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ انسداد کرونا کیلئے سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت پوری قوم کا متحد ہونے کا عزم خوش آئند ہے اور مجھے یقین ہے جب انسداد کرونا کے لیے سب اپنی ذمہ داری پوری کر یں گے تو ہم کروناسے بچاؤ میں کامیاب ہوجائیں گے۔ شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹوں سمیت دیگر مقامات کی بند ش کا مقصد بھی صرف اور صرف عوام کو کرونا کی وبا ء سے بچانا ہے۔ حکومت یا کوئی اور ادارہ اکیلا کروناسے نہیں نمٹ سکتا اس کیلئے 22کروڑ پاکستانیوں کو اپنی ذمہ داری پوری کر نا ہوں گی۔ آج سے گور نر پنجاب ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن کال سینٹر کا افتتاح کیا جارہا ہے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں قائم کرونا ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن سینٹر کے پہلے بیج میں 10ہزار پانچ سو میں سے صرف16افراد سامنے آئے ہیں جن کو ٹیسٹ کروانا کی ضرورت پیش آئی ہے۔