لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالافتاء پاکستان نے فتویٰ جاری کرتے ہوئے کرونا ویکسین لگوانے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کی وباء سے بچنے کیلئے کرونا ویکسین وقت اور حالات کی ضرورت ہے۔ شریعت اسلامیہ نے خود کو اور دوسروں کو تکلیف سے بچانے کا حکم دیا ہے اور کرونا ویکسین کے حوالہ سے افواہیں پھیلانا قطعی طو پر درست نہیں ہے۔ دارالافتاء مملکت سعودی عرب، مجمع الفقہ الاسلامی جدہ، دارالافتاء مصر، سمیت دنیا اسلام کے اہم ترین ممالک نے کرونا ویکسین کو لگوانا شرعی ذمہ داری قرار دیا ہے تا کہ خود بھی محفوظ ہوں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر دارالافتاء پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے متحدہ علماء بورڈ کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مولانا مفتی فلک شیر، علامہ محمد اسلم صدیقی، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا محمد خان لغاری، مولانا قاسم قاسمی، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا مفتی حفیظ الرحمن، مولانا اسلم قادری، مولانا نعمان حاشر، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد ایوب صفدر، مولانا انوار الحق مجاہد، مولانا حافظ کاظم رضا، پیر اسعد حبیب شاہ جمالی، مولانا ابو بکر صابری، مولانا نائب خان، علامہ طاہر الحسن، مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا اشفاق پتافی، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا قاری شمس الحق، علامہ غلام اکبر ساقی، مولانا عقیل زبیری، علامہ عبد الرئوف، مولانا مفتی عمران معاویہ، مولانا مفتی عمر فاروق، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا سعد اللہ شفیق بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دارالافتاء پاکستان علماء اسلام و مفتیان عظام سے مشاورت کے بعد یہ فتویٰ صادر کر رہا ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دارالافتاء پاکستان، مفتی اعظم سعودی عرب کے روزے کے دوران ویکسین لگوانے کے فتویٰ کی بھی مکمل تائید کرتا ہے اور شریعت اسلامیہ کی رو سے ویکسین لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرنے کی ضرورت ہے اور مساجد میں جو احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں ان کو اختیار کرنا چاہیے۔ نمازیوں کے درمیان طبی ماہرین نے جو فاصلہ بتایا ہے وہ مجبوری اور ضرورت احتیاط کے دائرے میں آتا ہے۔ لہذا فاصلے سے بھی نماز ادا ہو جاتی ہے لہذا شک اور وہم میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔ رمضان المبارک میں یا اس سے قبل مساجد بند کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ سعودی عرب کی حکومت کی ہدایات کے مطابق حج اور عمرہ زائرین کیلئے ویکسین فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کرونا ایک وباء ہے جو کسی کو بھی ہو سکتی ہے لہذا بیماری پر مذاق اڑانا اور تنز کرنا درست عمل نہ ہے۔ عمران خان صاحب کی صحت بہتر ہے۔ شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد، فلسطینی صدر، امیر قطر، امیر کویت سمیت دنیا اسلام کے اہم ترین ممالک کے قائدین کے وزیراعظم کیلئے پیغامات صحت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔