قائم مقام امریکی قونصل جنرل کی ملاقات،پارٹی نواز، شہباز قیادت میں متحدہ ہے:حمزہ شہباز

Mar 23, 2021

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) حمزہ شہباز سے قائم مقام یو ایس قونصل جنرل ’’ بیری جنکر‘‘ نے ملاقات کی۔ ماڈل ٹائون میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات، ملکی و علاقائی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئندہ الیکشن، نئی انتظامیہ کے تحت پاک امریکہ تعلقات، پاکستان بھارت سے متعلقہ خطے کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرونا ایس او پیز پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے عمل میں آئی۔ اور تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ بعد ازاں گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کی ہزار کوششوں کے باوجود پارٹی نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ نئے پاکستان والوں کا جلد یوم حساب آنے والا ہے۔ آٹا، چینی اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ نیکو کاروں نے آٹا چینی میں ملوث لوگوں کو این آر او دیکر راتوں رات ملک سے باہر بجھوا دیا۔ آڑھائی سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔ معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ پاکستان اناڑیوں اور کنفیوزڈ حکمرانوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے جس کی سزا عوام کاٹ رہے ہیں۔ انشاء اللہ بہت جلد ظلم کی رات ڈھلنے والی ہے اور ختم ہونے والی ہے۔ بہت جلد ملک میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں حقیقی جمہوریت پروان چڑھے گی۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ حکومت کھوکھلی ہوچکی ہے، میں وثوق سے کہنا چاہتا ہوں کہ جب تاریخ میں پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کی کہانی لکھی جائے گی تو اس میں نیب اور اس کا عمران خان نیازی کیساتھ گٹھ جوڑ سرفہرست ہو گا۔ میں اپنے مقدمے یا نیب کی گرفتاری کی وجہ سے فکرمند نہیں بلکہ مجھے عام ریڑھی والے کی فکر ہے جس کی بچی بھوک سے تڑپ رہی ہے، مجھے غریب آدمی کی بے بسی پر رونا آتا ہے۔ سلیکٹڈ حکمرانوں نے قوم کے سینے پر مہنگائی کے جو زخم لگائے ہیں، تمہیں اس کا حساب دینا ہو گا، ہم گھبرانے والے نہیں۔

مزیدخبریں