لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن رمضان بازاروں میں عام مارکیٹ سے 10روپے فی کلو گرام سستا گھی فراہم کرے گی ۔اس امر کا اظہار پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز ملاقات میں کیا ہے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران رمضان بازاروں میں گھی کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔گھی مینو فیکچرز نے رمضان بازاروں میں عام مارکیٹ سے 10روپے فی کلو گرام سستا گھی فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔رمضان بازاروں میں گھی کی قیمتوں میں باہمی گفت و شنیدکے ذریعے مزید کمی لائی جائے گی۔ گھی مینو فیکچر ز کے وفد نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مل کر عوام کو رمضان المبارک کے دوران گھی کی قیمتوں میںمزید ریلیف دیا جائے گا اوررمضان بازاروں میں گھی کی دستیابی میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے 313رمضان بازاروں میں عوام کو اشیاء ضروریہ سستے داموں ملیں گی۔ حکومت نے 7ارب روپے مالیت کے رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے اور سستے سہولت بازار بھی عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان بازاروں میں معیار ی اشیاء ضروریہ کی 2018والی قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائے گی۔