قرارداد پاکستان جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی،آج ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے: بیرسٹر فروغ نسیم

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )وفاقی وزیربرائے قانون وانصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہاہے کہ قرارداد پاکستان جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی،آج ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ہم ان حالات میں بھی قانون کی حاکمیت کو قائم کرنے کے لیئے پورے عزم سے کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پراپنے  پیغام میں کیا۔انہوں نے کہاکہ آج کا دن وہ دن ہے جب جنوبی ایشیا  کے مسلمانوں نے عہد کیا کہ غلامی کی زنجیریں توڑ پھینکیں گے۔ہمارے آبا اجداد نے اس روز قائداعظم کی قیادت میں یہ فیصلہ کیا کہ ان کو علیہدہ وطن کی ضرورت ہے۔ایک ایسا وطن جہاں اللہ کی حاکمیت اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوے اصولوں کے مطابق چلا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ قرارداد پاکستان جنوبی ایشیا  کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔اس کے صرف 7 برس بعد پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔یہ دن  عزم اور عہد کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ہم کرونا وبا  سے لڑ رہے ہیں۔اس وبا سے دنیا بھر کی معیشت اور ترقی پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان حالات کا مقابلہ صرف اپنے عزم اور ثابت قدمی سے کیا جا سکتا ہے۔ہم ان حالات میں بھی قانون کی حاکمیت کو قائم کرنے کے لیے پورے عزم سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم عوام کی سستے اور جلد انصاف تک رسائی آسان بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ہم انشا اللہ ضرور کامیاب ہونگے۔

ای پیپر دی نیشن