تل ابیب(این این آئی )بھارت اور اسرائیل کے درمیان تیس سالہ سفارتی تعلقات کے مکمل ہونے کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ اپریل میں بھارت کا دورہ کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنا، گہرے دو طرفہ تعلقات استوار کرنا اور معاشی، تجارتی و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کرنا ہے۔دورے کے دوران وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی بھارتی اعلی عہدیداروں اور مقامی یہودی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔نفتالی بینیٹ نے وزیراعظم نریندر مودی کی بھارت اور اسرائیل کے درمیان تعلقات دوبارہ بحال کرنے کی خواہش کو سراہا ۔