لاہور ٹیسٹ ، آسٹریلیا 391 پر آؤٹ ، پاکستان کے ایک وکٹ پر 90 رنز 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالئے ‘آسٹریلوی ٹیم کی برتری ختم کرنے میں مزید 301 رنز درکار ہیں۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں جلد ہی امام الحق کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا تھا، وہ 20 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے‘انہیں پیٹ کمنز نے ایل بی ڈبلیوآئوٹ کیا۔ عبداللہ شفیق اور اظہر علی نے 70 رنز کی پارٹنرشپ بناکر دن کا اختتام مثبت انداز میں کیا، دونوں بالترتیب 45 اور 30 رنز پر ناقابلِ شکست ہیں اور تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل لاہور ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کا پہلا سیشن مہمان بیٹرز کے نام رہا، پاکستانی بائولرز کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔مہمان ٹیم نے پہلے سیشن میں ٹیم کے سکور کو بغیر کسی نقصان 320 رنز تک پہنچایا، کیمرون گرین اور ایلکس کیری نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔کھانے کے وقفے کے بعد قومی ٹیم نے 63 رنز بنانے والے ایلکس کیری اور 79 رنز پر موجود کیمرون گرین کی وکٹ حاصل کی۔ایلکس کیری کو نعمان علی نے ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ کیمرون گرین کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا۔مچل سٹارک تیرہ ‘نیتھن لیون چار ‘مچل سویپسن نو رنز بناسکے ۔ کپتان پیٹ کمنز گیارہ رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ آسٹریلوی ٹیل اینڈرز نے آل آئوؤٹ ہونے تک سکور کو 391 رنز تک پہنچایا۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں چار چار وکٹیں آئیں جبکہ نعمان علی اور ساجد خان ایک ایک وکٹ لے سکے۔

ای پیپر دی نیشن