اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی براڈ شیٹ کے مالک جو خود نیب کا مجرم ہے، کی گواہی پر پریس کانفرنس ان کی بوکھلاہٹ کا اظہار ہے۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن کا ثبوت ان کے بینک اکائونٹس سے لے کر لندن کے مہنگے ترین اپارٹمنٹس ہیں، کیلبری فونٹ کا جعلی حلف نامہ ہو یا مریم کے بیانات، ہر لفظ کرپشن چھپانے کا بیانیہ ہے۔ جبکہ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کاوے موسوی نے پہلے کہا تھا کہ نواز شریف کرپٹ اور شریف فیملی نے انہیں رشوت دینے کی کوشش کی تھی۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر مملکت نے کہا کہ اب حقائق کیسے تبدیل ہوگئے؟۔ آیا ایون فیلڈ برطانیہ سے بیلجیئم منتقل ہوگئے یا نوازشریف اور اس کے بیٹے امریکہ چلے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حقائق تبدیل نہیں ہوئے تو اس شخص کا بیان تبدیل ہونا اس کے جھوٹے ہونے کے لئے کافی ہے۔