کا بینہ 8ارب کے رمضان پیکج ،35لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کی منظوری دیدی

Mar 23, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت  کابینہ کے 52 ویں 5گھنٹے طویل اجلاس میں اہم ایجنڈا کی منظوری سمیت سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ کابینہ نے وزیراعلیٰ  کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تقریباً 8ارب روپے کا رمضان پیکیج دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے رمضان پیکیج 2022ء کی منظوری دی۔ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے 100 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوگا اور رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 450 روپے میں ملے گا۔ حکومت پنجاب  سستے آٹے کی فراہمی پر تقریباً 4ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ چینی مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم نرخ پر فراہم کی جائے گی۔ 13 اشیائے خورد و نوش 2021 کے ریٹ پر ملیں گی۔ چکن  کلو 10 روپے کم اور انڈے  درجن 5 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوں گے۔ تمام اضلاع میں 317 رمضان بازار قائم کئے جائیں گے اور رمضان بازاروں میں 317 زرعی فیئر پرائس شاپ قائم ہوں گی۔ زرعی فیئر پرائس شاپس پر معیاری سبزیاں اور پھل بازار سے سستے ملیں گے۔ لاہور میں 30، فیصل آباد میں 19، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں 16، 16، قصور اور بہاولپور میں 12، 12 رمضان بازار قائم ہوں گے۔ رمضان بازار شعبان کے آخری ہفتے سے فنکشنل کیے جائیں گے۔ 20 رمضان کے بعد رمضان بازار عید بازاروں میں تبدیل ہوجائیں گے۔ کابینہ نے گندم خریداری پالیسی 2022-23 کی بھی منظوری دی۔ کسانوں سے 2200 روپے  من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔ کابینہ نے 35لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید نے کے ہدف کی منظوری دی۔ ضرورت پڑنے پر گندم خریداری کا ہدف مزید بڑھایا جاسکے گا۔ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کیلئے موثر اقدامات  کا فیصلہ کیا گیا۔ گندم خریداری کیلئے صوبائی سطح پر 8 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی۔ خریداری مراکز کے لئے عارضی سٹاف کی بھرتی کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ نے1973ء  میں قومیائے گئے مشنری سکولوں کے حوالے سے تاریخ ساز اقدام کیا۔ کابینہ نے 4 مشنری سکولوں کا انتظام پریسبیٹیرین (Presbyterian)چرچ (امریکہ) کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کیلئے وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے نئی سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ سرچ کمیٹی میں ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل(ر) جاوید محمود بخاری، پروفیسر ڈاکٹر اکمل حسین، سید طاہر شہباز، چیئر پرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن شامل ہوں گے۔ دور دراز علاقوں میں مزید 10یونیورسٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا۔ صوبائی کابینہ نے 10 نئی یونیورسٹیوں کیلئے ایکٹ کی منظوری دی۔ نئی یونیورسٹیاں اٹک، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راجن پور، حافظ آباد، پاکپتن، گوجرانوالہ، تونسہ، کمالیہ، لیہ اور ڈی جی خان میں بنیں گی۔ نئی بننے والی ہر یونیورسٹی اپنے متعلقہ ضلع میں ہی سب کیمپس قائم کر سکے گی۔ اجلاس میں سکندریہ کالونی سوڈیوال لاہور میں 34 کنال اراضی پر گریجوایٹ گرلز کالج بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے سکندریہ کالونی میں ایسوسی ایٹ گرلز کالج کی جگہ گریجوایٹ گرلز کالج بنانے کی منظوری دی۔ ملٹری شیڈول کیلئے چولستان میں 15ہزار ایکڑ اراضی کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اورچینی کمپنی ہواوے کے درمیان سیٹلمنٹ کی مشروط منظوری دی گئی۔ ہواوے سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مرمت اور بحالی کا کام کرے گی۔ عثمان بزدار نے پاکستان میں او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ معزز مہمانوں کو پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خو ش آمدید کہتے ہیں۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خا رجہ کے اجلاس کے انعقاد پر وزیراعظم عمران خان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عثمان بزدار نے ورلڈ واٹر ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پانی اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت ہے۔ پاکستان قدرتی خزانوں کے ساتھ بہترین آبی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ آبی وسائل کو بروئے کار لاکر وطن عزیز کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنایا جا سکتا ہے۔ سردار عثمان بزدار سے  صوبائی وزراء سمیت  ارکان صوبائی اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ  ملاقاتیں کیں۔ پارلیمنٹرینز نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے غیر جمہوری طرز عمل کو بے نقاب کر دیا ہے۔ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انتشار کون پھیلا رہا ہے اور بے لوث خدمت کون کر رہا ہے۔ عاقبت نااندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک و قوم کی تقدیر کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی انارکی یا افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے انتشار کی نہیں۔کسی کو ملک کے تابناک مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ مخالفین کی جانب سے اداروں کے خلاف مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قومی ادارے ہمارا فخر ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں۔ عثمان بزدار سے ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی سید رفاقت علی گیلانی نے ملاقات کی۔ سید رفاقت علی گیلانی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں حلقے کے مسائل کے حل، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

مزیدخبریں